رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

19:14 6.4.2022

اپوزیشن اراکین نے پنجاب اسمبلی سے ملحقہ ہوٹل میں اپنا اسمبلی اجلاس بلا لیا

پنجاب اسمبلی کو سیل کیے جانے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کیے جانے کے بعد اپوزیشن اراکین اسمبلی سے ملحقہ نجی ہوٹل میں جمع ہو رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف بھی پنجاب اسمبلی سے ملحقہ ہوٹل میں پہنچ رہے ہیں۔

اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ اجلاس میں اکثریت ثابت کریں گے۔

خیال رہے کہ تحریکِ انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی تھی جس کے بعد قائدِ ایوان کا انتخاب کھٹائی میں پڑ گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس چھ اپریل کو طلب کیا گیا تھا، تاہم منگل کو اجلاس 16 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے ایک مراسلہ جاری کر کے چھ اپریل کو ہی اجلاس بلانے پر زور دیا تھا۔

اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا تھا کہ تین اپریل کو اپوزیشن اراکین کی جانب سے کی گئی توڑ پھوڑ کی وجہ سے چھ اپریل کو اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔

بدھ کو سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر پنجاب اسمبلی میں فرنیچر ٹوٹ گیا ہے تو باغِ جناح میں اجلاس بلا لیا جائے۔

17:42 6.4.2022

پنجاب اسمبلی پر تالے، ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد

وفاق کی طرح پنجاب میں بھی آئینی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ تحریکِ انصاف نے پنجاب میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔ تاہم ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ وہ آج اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔ پنجاب کی تازہ ترین صورتِ حال سے متعلق بتا رہے ہیں وائس آف امریکہ کے نمائندہ ضیا الرحمٰن اس فیس بک لائیو میں۔۔۔

16:59 6.4.2022

ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کی سماعت جمعرات تک کے لیے ملتوی

سپریم کورٹ آف پاکستان میں تحریکِ عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ بظاہر تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے جا رہی تھی جس دن ووٹنگ ہونا تھی اسی روز رولنگ آ گئی۔ بدھ کو تحریکِ انصاف کے وکلا نے دلائل دیے۔

بدھ کو سماعت کے دوران صدرِ مملکت اور تحریکِ انصاف کے وکلا نے دلائل دیے۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ یہ کیس آرٹیکل 95 کی خلاف ورزی کا ہے جس میں عدالت مداخلت کر سکتی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے تقدس احترام کرتے ہیں، لیکن کیا آئین شکنی کو بھی پارلیمانی تحفظ حاصل ہے۔

جسٹس منیب اخبر نے ریمارکس دیے کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ نے تبدیل کیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کل بیرسٹر صلاح الدین نے ہٹلر والی غلط مثال دی تھی۔ ہٹلر کے دور میں جرمن پارلیمنٹ اور حکومت رولنگ کے ذریعے برقرار رہی تھی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 69 اپنی جگہ لیکن جو ہوا اس کی بھی کہیں مثال نہیں ملتی۔

16:52 6.4.2022

مولانا فضل الرحمٰن کا جمعے کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اتوار کو ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کے پر جمعے کو یومِ تحفظِ آئینِ کے عنوان سے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

بدھ کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ملک میں انارکی کے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں۔ اسمبلیوں کی تحلیل نے حالات مزید خراب کر دیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش سے متعلق خط بھی جھوٹ ہے اور کے مندرجات بھی غلط بیان کیے جا رہے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG