رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

15:24 7.4.2022

اپوزیشن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی۔

اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروانے اپوزیشن کے اراکین اسمبلی سمیع اللہ، طاہر خلیل سندھو، پیر اشرف رسول، خواجہ سلمان رفیق، مرزا جاوید اور میاں عبدالرؤف پنجاب اسمبلی پہنچے۔

اپوزیشن نے تحریکِ عدم اعتماد پنجاب اسمبلی کے اسپیشل سیکریٹری چودھری عامر حبیب کو جمع کروائی۔

15:17 7.4.2022

’ججز کے سامنے وہ مواد ہونا چاہیے جس کی وجہ سے اسپیکر نے رولنگ دی‘

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ججز کے سامنے وہ مواد ہونا چاہیے جس کی وجہ سے اسپیکر نے رولنگ دی۔

قومی اسمبلی میں وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کی سماعت کے حوالے سے فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ اگر ججز نے دستاویزات اور شہادتیں ہی نہیں دیکھنیں تو وہ رولنگ کے درست یا غلط ہونے کا فیصلہ کیسے کریں گے؟

انہوں نے تجویز دی کہ ان کیمرہ کارروائی میں شہادتوں کا جائزہ لیا جائے۔ ان کے بقول ورنہ آزادی کا سفر 1940 سے دوبارہ شروع کرنا ہوگا۔

15:07 7.4.2022

عدالت اللہ اور پاکستان کے نام پر پارلیمنٹ کو بحال کرے: شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غلط ہے تو پارلیمنٹ کو بحال کیا جائے۔

ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے شہباز شریف کو بھی روسٹرم پر بلا لیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ عام آدمی ہیں، قانونی بات نہیں کریں گے۔ عدالت میں پیش ہونا اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ رولنگ ختم ہونے پر تحریکِ عدم اعتماد بحال ہو جائے گی۔ اسپیکر کی رولنگ کالعدم ہو تو اسمبلی کی تحلیل ازخود ختم ہو جائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری تاریخ میں آئین کئی مرتبہ پامال ہوا، جو بلنڈر ہوئے ان کی توثیق اور سزا نہ دیے جانے کی وجہ سے یہ حال ہوا۔ عدالت اللہ اور پاکستان کے نام پر پارلیمنٹ کو بحال کرے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سری لنکا میں بجلی اور دیگر سہولیات کے لیے بھی پیسہ نہیں بچا۔ آج روپے کی قدر کم ہوگئی، ڈالر 190 تک پہنچ چکا ہے۔ ہمیں مضبوط حکومت درکار ہے۔

15:00 7.4.2022

ڈالر 188 روپے سے تجاوز کر گیا

پاکستان میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ملک کی سیاسی صورتِ حال کے سبب جمعرات کو ڈالر مزید دو روپے 22 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر پہلی بار 188 روپے 35 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 188 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔

ایک جانب ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ بھی مندی کا شکار ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG