مودی کی شہباز شریف کو مبارکباد، "بھارت امن و خوش حالی کا خواہاں"
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم، شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے، جنھوں نے کچھ ہی دیر قبل اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
اپنی ایک ٹوئیٹ میں مودی نے کہا ہے کہ ''بھارت دہشت گردی سے پاک خطے میں امن اور خوش حالی کا خواہاں ہے''۔
بقول ان کے، ''پاکستان کے وزیر اعظم کے انتخاب پر میں محمد شہبار شریف کو مبارکباد دیتا ہوں۔ بھارت دہشت سے پاک خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاکہ ہم ترقی کو لاحق چیلنجوں پر دھیان مرکوز کر سکیں اور اپنے عوام کی بھلائی اور خوش حالی یقینی بنا سکیں''۔
صدرِ مملکت کی طبیعت ناساز، نو منتخب وزیرِ اعظم سے چیئرمین سینیٹ حلف لیں گے
ایوانِ صدر کے ترجمان کے مطابق صدرِ مملکت علیل ہو گئے ہیں اور ڈاکٹرز نے اُن کے معائنے کے بعد چند روز آرام کو مشورہ دیا ہے۔
صدرِ مملکت کی علالت کے باعث چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اُن کے عہدے کا حلف لیں گے۔
پنجاب کا سیاسی بحران: لاہور ہائی کورٹ کی ڈپٹی اسپیکر کو اُن کے چیمبر تک پہنچانے کی ہدایت
لاہور ہائی کورٹ نے رجسٹرار ہائی کورٹ سے صوبائی اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کو اُن کے چیمبر تک پہنچانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ڈپٹی اسپیکر کے کیا اختیارات ہیں اور وہ کیا اختیارات استعمال کر سکتے ہیں۔ اِس کا فیصلہ 12 اپریل کو کیا جائے گا۔
عدالتِ عالیہ لاہور کے چیف جسٹس امیر حسین بھٹی نے وزیر اعلٰی پنجاب کا الیکشن کرانے کے لیے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسبلی دوست محمد مزاری اور حمزہ شہباز کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے تمام فریقوں کو ہدایت کی کہ آپس میں بیٹھ کر معاملات کو حل کر لیں۔ رولز کے مطابق الیکشن کی تاریخ ملتوی نہیں ہو سکتی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کوشش کریں کہ عدالت کو مداخلت نہ کرنی پڑے۔
سماعت کے دوران حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب اِس وقت بغیر چیف ایگزیکٹو کے چل رہا ہے۔ صوبے کا کوئی آئینی وزیراعلٰی نہیں ہے۔ عثمان بزدار کے استعفٰی سے وزیراعلٰی کا عہدہ خالی ہے۔
سیکریٹری اسمبلی نے عدالت کو مزید بتایا کہ تین اپریل کو قائد ایوان کے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس کو چھ اپریل تک ملتوی کیا گیا۔ جسے بعد ازاں نقصان کے باعث 16 اپریل تک ملتوی کیا گیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات واپس کیوں لیے گئے؟ اِس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ایک نجی میں بلایا۔ جس پر حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ وہ اجلاس نہیں تھا، سیاسی لوگ افطاری کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔
پرویز الٰہی کے وکیل علی ظفر نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت منگل کے روز تک ملتوی کی جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج ہی مناسب فیصلہ دیں گے۔
امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح تعلقات رکھنے کے خواہش مند ہیں: نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف
نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات میں اُتار چڑھاؤ آتے رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، لیکن مسئلہ کشمیر کے حل تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
شہباز شریف بولے کہ کشمیری عوام کی ہر فورم پر اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
اُں کا کہنا تھا کہ وہ نریندر مودی کو یہ مشورہ دیں گے کہ دونوں ممالک میں موجود غربت کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ریاستوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حالات خراب ہوئے تو اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی بہتری کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔