عمران خان کے نجی طیارے کے استعمال پر احسن اقبال کی تنقید
وفاق میں برسرِ اقتدار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ انہیں اینگرو کارپوریشن کی طرف سے یہ انتہائی غیر پیشہ وارانہ لگا ہے کہ ان کا طیارہ ایک سیاسی رہنما حکومت مخالف ریلی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
احسن اقبال کا سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا تھا کہ قطع نظر اس کے کہ یہ طیارہ چارٹرڈ تھا یا اسپانسر، براہ کرم ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہونے کی وجہ سے کمپنی کو اپنی حدود معلوم ہونی چاہیئں۔
خیال رہے کہ یہ نجی طیارہ گزشتہ روز سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کراچی میں ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے استعمال کیا تھا۔
ساری قوم باہر نکل کر فوری الیکشن کا مطالبہ کرے: عمران خان
سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک بار پھر لفظ نیوٹرل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا حکم ہے کہ تم چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف جہاد کرو۔ آپ راہِ حق پر چلو۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بیٹھے چیف جسٹس کی سربراہی میں اور فیصلہ کرے کے یہ مراسلہ ٹھیک ہے یا نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سارے پاکستانی نکلیں اور ایک مطالبہ کریں کہ ہمیں الیکشن چاہیے۔
اُن کے بقول شہباز شریف کبھی جلدی الیکشن نہیں کرائیں گے بلکہ وہ پہلے ہر قسم کی انتقامی کارروائی کریں گے۔
عمران خان بولے کہ فارن فنڈنگ کیس جو تحریکِ انصاف پر ڈالا ہے اس سے یہ کوشش کی جائے گی کہ تحریکِ انصاف میچ سے ہی باہر ہو جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ تحریکِ انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا فارن فنڈنگ کیس ایک ساتھ سنا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت الیکشن کمیشن، بیورو کریسی میں اپنے لوگ لائیں گے اور کوشش کریں گے کہ دھاندلی کر کے دوبارہ آ جائیں۔
سابق وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم مضبوط ادارے چاہتے ہیں، کیوں کہ مضبوط اداروں سے مضبوط قوم بنتی ہے۔
نواز شریف کی وطن واپسی ہمارے نظامِ انصاف کا امتحان ہو گی: عمران خان
سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ ضمانت پر باہر آنے والے شخص جس پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں اسے ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے۔
جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان نے الزام عائد کیا کہ اس ساری سازش کے ماسٹر مائنڈ نواز شریف ہیں۔ وہ قانون سے جھوٹ بول کر ملک سے باہر گئے اس سے پہلے مشرف کے دور میں بھی وہ جھوٹ بول کر باہر گئے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اب نواز شریف واپسی کی تیاری کر رہے ہیں اور یہ پاکستان کے سارے نظامِ انصاف کا امتحان ہے۔ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ کیا ہمارا نظامِ انصاف نواز شریف کو قانون کی گرفت میں لے گا یا نہیں۔
'یہ بات میرے دل میں رہے گی کہ رات 12 بجے عدالتیں کھولی گئیں کیا میں کوئی جرم کرنے والا تھا؟'
سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اُنہیں عدلیہ سے گلہ ہے کہ کم سے کم وہ غیر ملکی دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات تو کرتے اس پر کوئی ازخود نوٹس تو لیتے۔
ہفتے کی شب کراچی کے باغِ جناح میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے کیا جرم کرنا تھا جو آپ نے رات کے 12 بجے عدالتیں کھول دیں۔ میں نے اپنی جماعت کا نام تحریکِ انصاف رکھا، میں نے آزاد عدلیہ کی جنگ لڑی۔ میں نے آج تک پاکستان کا قانون نہیں توڑا۔ کبھی میں نے پاکستانی قوم کو کھیلوں کی گراؤنڈ میں شرمندہ نہیں کرایا۔ کبھی میرا نام میچ فکسنگ مین نہیں آیا۔
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے تکلیف ہوئی کہ میرے خوف سے کہ میں کوئی جرم کر دوں گا اور آئین توڑ دوں گا، رات کے بارہ بجے عدالتیں کھولی گئیں یہ بات ساری زندگی میرے دل میں رہے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے امریکہ کا کچھ نہیں بگاڑا، اُنہیں صرف یہ گلہ ہے کہ جب مجھ سے پوچھا گیا کہ اگر امریکہ نے اڈے مانگے تو کیا آپ دیں گے تو میں نے کہا ایبسلوٹلی ناٹ۔