حکومتی اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی کا اپوزیشن کی حمایت کا اعلان
بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں شہباز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے باپ پارٹی کے رہنما خالد مگسی نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کے ساتھ نہیں چل سکتے اس لیے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
صحافی نے خالد مگسی سے سوال کیا کہ آپ نے بلوچستان حکومت کس کے کہنے پر گرائی تھی؟ اس پر خالد مگسی نے کہا کہ فوج کے کہنے ہر گرائی تھی لیکن ان سوالات کا اب کوئی فائدہ نہیں۔ اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
وزیرِ اعظم سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ق) کا اعلامیہ
اسلام آباد میں سیاسی گہما گہمی سےبھرپور دن کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان اور چوہدری پرویز الہٰی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ق) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے چوہدری پرویز الہٰی کو وزارتِ اعلٰی کی پیش کش کی جسے قبول کر لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے چوہدری پرویز الہٰی کو آگاہ کیا کہ اُنہوں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے کہا کہ میں آپ کو اپنی پارٹی کی طرف سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں اور آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے وزیرِ اعلٰی نامزد کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اُن کے اعتماد پر پورا اُتریں گے۔
ہم عمران خان کو الوداع کہنے آئے ہیں: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ آنے والے دن دکھائیں گے کہ عمران خان کا انجام کیا ہوگا۔
اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان دس لاکھ تو کیا دس ہزار کا مجمع بھی جمع نہیں کرپائے۔ وہ اپنی جماعت کا بھی اعتماد کھو چکے ہیں۔
جلسے کے دوران مریم نواز نے ''عمران خان الوداع، الوداع کے نعرے بھی لگائے۔'' انہوں نے کہا کہ ہم آج عمران خان کو الوداع کہنے آئے ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے پنجاب کے وزارتِ اعلیٰ مسلم لیگ (ق) کو دینے کے اعلان پر مریم نواز نے کہا کہ ''عمران خان کے پاؤں جلنے لگے تو انہوں نے بزدار پر پاؤں رکھ دیا۔''
اپوزیشن 172 ووٹ پورے نہیں کرسکے گی: شیخ رشید
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے 172 ووٹ پورے نہیں کرسکے گی اور اتحادی واپس آ جائیں گے۔
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل 'جیو نیوز' کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تین اپریل کو عدم اعتماد پر ووٹنگ پر عمران خان جیتیں گے۔
اتحادیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے سمجھ دار لوگ ہیں وہ تیار ہو جائیں گے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ صورتِ حال یہ ہے کہ ملک قبل از وقت انتخابات کی طرف جا رہا ہے۔