عمران خان کا مبینہ دھمکی آمیز خط صحافیوں کو دکھانے کا اعلان
وزیرِ اعظم عمران خان نے عدم اعتماد کی تحریک کو بیرونِ ملک سے آنے والا بحران قرار دیا اور اعلان کیا ہے کہ وہ مبینہ دھمکی آمیز خط آج سینئر صحافیوں کو دکھائیں گے۔
اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عدم اعتماد ایک جائز جمہوری طریقہ ہے لیکن یہ 'فارن امپورٹڈ کرائسز' ہے۔ ان کے بقول یہ سازش تب سے ہوئی جب باہر سے لوگ ایک ٹیلی فون کال پر پاکستان کو کنٹرول کرتے تھے۔ انہیں یہ برداشت نہیں ہے کہ کوئی حکومت اپنے ملک کے مفاد میں فیصلے کرے۔
عمران خان نے کہا کہ لوگوں نے جو فیصلہ کرنا ہے وہ کریں لیکن وہ فیصلہ کرتے وقت یہ ضرور سوچیں کہ کہیں وہ عالمی سازش کا حصہ نہ بن جائیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آج سینئر صحافیوں کو دھمکی آمیز خط دکھائیں گے اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کو بھی یہ خط دکھائیں گے۔
حکومتی اتحادیوں کا اپوزیشن کی جانب جھکاؤ، کیا حکومت کا جانا ٹھہر گیا؟
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد سے ملک میں نئی سیاسی صف بندیاں ہو رہی ہیں۔ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں ایک ایک کر کے اپوزیشن کے ساتھ مل رہی ہیں۔ اتحادیوں کا اس طرح دور ہونا مبصرین کی نظر میں بظاہر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کی جانب اشارہ ہے لیکن حکومت پرعزم ہے کہ یہ بازی وزیرِ اعظم عمران خان ہی جیتیں گے۔
حکومتی اتحاد میں شامل جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے بھی حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ایم کیو ایم کا حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ایک معاہدہ بھی طے پا چکا ہے جس کی تفصیلات بدھ کی شام تک منظر عام پر آئیں گی۔
متحدہ قومی موومنٹ اور حزب اختلاف نے تصدیق کی ہے کہ وہ مستقبل میں ساتھ چلنے کے لیے ایک معاہدے پر پہنچ چکے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی بدھ کو معاہدے کی توثیق کریں گی جس کےبعد پریس کانفرنس میں اس معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم! ڈٹے رہنا: شیخ رشید
حکومتی اتحادی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم ڈٹے رہنا، مجھے فخر ہے کہ میں نے عمران خان کے ساتھ سیاست کی ہے۔
شیخ رشید نے اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کیا اور عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ساتھ چھوڑ کر جانے والے واپس چل کر آئیں گے لیکن انہیں ٹھڈا مارنا، آپ معاف کر دیتے ہیں لیکن اس بار معاف کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا "میں پہلے کہتا تھا کہ اسمبلی توڑ دیں اور گورنر راج لگائیں۔ میرا تحریک انصاف سے بلکہ آپ سے تعلق ہے اور میں آپ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔"
عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے: شیخ رشید
حکومتی اتحادی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تین تاریخ کو عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی اور آج شام وزیرِ اعظم عمران خان قوم سے خطاب کریں گے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹے بہت اہم ہیں اور وزیرِ اعظم نے ایمرجنسی اجلاس بھی بلا لیا ہے۔