رسائی کے لنکس

بروکلین میٹرو اسٹیشن میں حملے کے شبہے میں گرفتار شخص پر کیس درج


امریکہ کے شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک میٹرو اسٹیشن پر ایک روز قبل دس لوگوں کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے کے شبے میں گرفتار شخص پر بدھ کے روز دہشت گردی کا مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔

نیویارک کے مشرقی ڈسٹرکٹ کے اٹارنی بریون پیس نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا ہے کہ 62 برس کے فرانک آر جیمز پر مقدمہ دائر کیا جا رہا ہے۔ جیمز کو پریس کانفرنس سے کچھ ہی پہلے مین ہیٹن کے ایسٹ ولیج کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

بروکلین میٹرو سٹیشن حملہ: مشتبہ ملزم گرفتار، مقدمہ درج
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:43 0:00

جیمز پر الزام ہے کہ انہوں نے منگل کے روز لوگوں سے بھرے میٹرو سٹیشن پر فائرنگ کی تھی۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے دس افراد میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے نام نہ بتانے کی شرط پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نے بتایا کہ پولیس کو جیمز کی رہائش کے بارے میں ایک مخبری ملی تھی۔

نیویارک ریاست کی گورنر کیتھی ہوکل نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران جیمز کی گرفتاری کی خبر پریس کو دی تھی۔

منگل کے روز پولیس نے بتایا تھا کہ پولیس نے جیمز سے اس وین کو کرائے پر لینے کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تھی جسے اس حملے کے دوران استعمال کیا گیا تھا۔ اس وقت تک پولیس کو یقین نہیں تھا کہ جیمز اس حملے میں ملوث ہیں۔ شہر کے مئیر ایرک ایڈمز نے بدھ کی صبح کئی ٹی وی انٹرویوز میں یہ بتایا تھا کہ پولیس اب جیمز کو حملے میں ملوث شخص کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ لیکن انہوں نے اس وقت تک مزید تفصیلات دینے سے انکار کیا تھا۔

حالیہ مہینوں میں جیمز نے اپنے سوشل میڈیا پر نسل پرستی اور تشدد سے متعلق کئی ویڈیوز شئیر کی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے نیویارک شہر میں ذہنی صحت سے متعلق اپنے تجربات بھی لکھے تھے۔ انہوں نے اپنی کئی ویڈیوز میں شہر کے مئیر ایرک ایڈمز کی ذہنی صحت سے متعلق پالیسیوں پر تنقید بھی کی تھی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچنے کی وجہ سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا لیکن اپنے پیچھے کئی ثبوت چھوڑ گیا تھا جس میں بندوق، گولیوں کے میگزین، ہیچٹ، دھوئیں کے گرینیڈ، گیسولین اور کرائے پر لی گئی یو ہال کی وین کی چابیاں شامل تھیں۔

اس چابی کی مدد سے تفتیش کار جیمز تک پہنچے جو نیویارک کا ہی رہائشی ہے لیکن حال ہی میں اس کی رہائش امریکی شہر فلاڈیلفیا اور ریاست وسکانسن میں رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ایک اہلکار نے اے پی کو بتایا کہ تفتیش کاروں نے یہ معلوم کیا کہ یہ بندوق جیمز نے 2011 میں ایک اسلحہ فروش سے امریکی ریاست اوہائیو میں خریدی تھی، جب کہ وین سٹیشن کے نزدیک ہی ایسی جگہ پر کھڑی تھی جہاں سے تفتیش کاروں کا اندازہ تھا کہ حملہ آور سٹیشن میں داخل ہوا تھا۔

حملے سے ایک روز پہلے جیمز نے، جس کا تعلق سیاہ فام برادری سے ہے، اپنے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شئیر کی تھی جس میں اس نے امریکہ میں سیاہ فام افراد کی حالت زار پر گفتگو کی تھی اور کہا تھا کہ سخت ایکشن کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG