رسائی کے لنکس

لال سنگھ چڈھا: 'عامر خان نے فاریسٹ گمپ کی کاپی بنانے میں اسکرپٹ پر 14 برس لگائے'


'لال سنگھ چڈھا' کی کہانی امریکی ناول نگار ایریک نوتھ کی اسی کتاب پر مبنی ہے جسے ہدایت کار رابرٹ زیمیکس نے تقریباً تین دہائیوں قبل فلم کی صورت میں پیش کیا تھا۔
'لال سنگھ چڈھا' کی کہانی امریکی ناول نگار ایریک نوتھ کی اسی کتاب پر مبنی ہے جسے ہدایت کار رابرٹ زیمیکس نے تقریباً تین دہائیوں قبل فلم کی صورت میں پیش کیا تھا۔

بالی وڈ اسٹار عامر خان اور کرینہ کپور کی نئی آنے والی فلم 'لال سنگھ چڈھا' کا حال ہی میں ریلیز ہونے والا ٹریلر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب 57 سالہ اداکار نے کوئی ایسی فلم میں کام کیا ہے جو ہالی وڈ فلم کا آفیشل ری میک ہے۔

عامر خان ہالی وڈ فلم 'فاریسٹ گمپ'کے باقاعدہ کاپی رائٹس لے کر بھی چند لوگوں کو خوش نہ کر سکے۔ 'لال سنگھ چڈھا' کا ٹریلر 29 مئی کو ریلیز ہوا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر 'لال سنگھ چڈھا' سے زیادہ 'فاریسٹ گمپ' کے چرچے تھے جو 28 برس قبل ریلیز ہوئی تھی۔

'لال سنگھ چڈھا' کی کہانی امریکی ناول نگار ایریک نوتھ کی اسی کتاب پر مبنی ہے جسے ہدایت کار رابرٹ زیمیکس نے تقریباً تین دہائیوں قبل فلم کی صورت میں پیش کیا تھا۔

'فاریسٹ گمپ' کے بالی وڈ ورژن کی ہدایت ادویت چندن نے دی ہیں جب کہ اس کا اسکرین پلے اداکار اتل کلکرنی نے لکھا ہے۔ فلم میں عامر خان کی ہیروئن کرینہ کپور ہوں گی، دونوں اس سے قبل 'تھری ایڈیٹس' اور 'تلاش' میں ساتھ نظر آئے تھے۔

عامر خان کی یہ فلم رواں برس 11 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس سے قبل عامر خان ادویت چندن کے ساتھ فلم ' سیکرٹ سپر اسٹار' میں کام کرچکے ہیں۔

ہالی وڈ فلم 'فارسٹ گرمپ' کی کہانی ایک ایسے کم عقل لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو اپنی زندگی میں بہت کچھ صرف اس لیے حاصل کرلیتا ہے کیوں کہ وہ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کم رکھتا ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ 'فاریسٹ گمپ' (ٹام ہینکس) کیسے کالج فٹ بال سے لے کر ویتنام جنگ میں حصہ لیتا ہے اور پنگ پانگ چیمپئن کے ساتھ عالمی سطح پر شطرنج کا مقابلہ بھی جیت لیتا ہے۔

مشہور راک اینڈ رول سنگر ایلویس پریسلی ہوں یا پھر امریکی صدور جان ایف کینیڈی اور رچرڈ نکسن، فاریسٹ گمپ نے سب ہی سے ملاقات کی اور اپنی کم عقلی کی وجہ سے اس ملاقات کو یادگار بنایا۔

دوسری جانب بالی وڈ فلم 'لال چڈھا سنگھ' کا ٹریلر دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ فلم کی کہانی ایک سکھ لال سنگھ چڈھا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ جو کم عقل ہے اور پہلے کالج میں چیمپئن بنتا ہے پھر فوج میں شمولیت اختیار کرتا ہے۔

عامر خان کی آخری فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' سن 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر ناکام ہوئی تھی۔ اس فلم کے بعد سے عامر خان 'لال سنگھ چڈھا' پر کام کررہے ہیں۔فلم کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ہیلی پانڈیا نامی صارف نے 'لال سنگھ چڈھا' کے بائی کاٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ اس طرح کرنے سے چربہ فلمیں بنانے کے رجحان میں کمی ہو سکے گی۔

لتھرا دھاریا کے مطابق جب او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر 'فاریسٹ گمپ' ہندی ڈبنگ میں موجود ہے تو پھر 'لال سنگھ چڈھا' بنانے کی کیا ضرورت تھی؟

ایک اور صارف نے کہا کہ عامر خان نے ہالی وڈ فلم 'فاریسٹ گمپ' کی کاپی بنانے میں اسکرپٹ پر 14 برس لگائے۔

شبنم نے عامر خان کو مزاحیہ کردار 'مسٹر بین' سے تشبہہ دی۔

تمام تر تنقید کے باوجود عامر خان کی فلم 'لال سنگھ چڈھا' کےٹریلر کو ریلیز کے 24 گھنٹوں میں چھ کروڑ 20 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔ اس بارے میں عامر خان پروڈکشنز کی جانب سے ایک ٹوئٹ بھی کیا گیا۔ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ لال سنگھ چڈھامیلوں فاصلہ عبور کر کے بے شمار لوگوں کے دلوں تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ بالی وڈ فلم 'دل ہےکہ مانتا نہیں' بھی ہالی وڈ فلم 'اِٹ ہیپنڈ ون نائٹ' کی کاپی تھی۔ اس کے علاوہ 'جو جیتا وہ سکندر' کا آئیڈیا بھی 'بریکنگ اوے' سے لیا گیا تھا۔

بالی وڈ فلم 'اکیلے ہم اکیلے تم' کی اسٹوری 'کریمر ورسز کریمر' سے اٹھائی گئی تھی جب کہ فلم 'بازی' 'ڈائے ہارڈ' کا بھارتی ورژن تھی۔سو کروڑ کا بزنس کرنے والی بھارت کی پہلی فلم 'گجنی' کی کہانی بھی ہالی وڈ کی مشہور فلم 'میمینٹو' سے لی گئی تھی۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG