سوشل میڈیا پر ان دنوں بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کا ایک میگزین کے لیے برہنہ فوٹو شوٹ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ کئی صارفین کی جانب سے اداکار پر تنقید کی جا رہی ہے وہیں ممبئی میں ان کے خلاف شکایت بھی درج کرا دی گئی ہے۔
اداکار رنویر سنگھ نے امریکی جریدے 'پیپر میگزین' کے لیے ایک برہنہ فوٹو شوٹ کرایا تھا جس کی تصاویر جریدے نے 21 جولائی کو جاری کیں۔
رنویر کی برہنہ تصاویر سامنے آنے کے بعد بھارت کے شہر ممبئی کے ایک تھانے میں اداکار کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے جس میں رنویر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بھارتی اخبار 'دی فری پریس جرنل' کے مطابق پیر کو ممبئی کے چیمبور پولیس اسٹیشن میں ایک وکیل نے اداکار کے خلاف شکایت درج کی ہے جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رنویر کے اقدام نے خواتین کے جذبات مجروح کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
شکایت میں رنویر سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
'دی فری پریس جرنل' کے مطابق ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرشنا کانت اپادھے نے تصدیق کی کہ انہیں ایک درخواست موصول ہوئی ہے تاہم اس معاملے میں تاحال کوئی ایف آئی درج نہیں کی گئی۔
'پیپر میگزین' کی جانب سے اداکار کی تصاویر جاری کرنے کے بعد رنویر سنگھ نے بھی یہ تصاویر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں جس پر کئی فن کاروں نے ان کے فوٹو شوٹ کو سراہا۔
پیر کو بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اپنی فلم 'ڈارلنگز' کی ٹریلر لانچنگ تقریب میں موجود تھیں جس دوران ایک صحافی نے ان سے رنویر سنگھ کے برہنہ فوٹو شوٹ کے حوالے سے سوال کیا۔
جواب میں عالیہ بھٹ نے رنویر سنگھ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ رنویر سنگھ کے خلاف کسی قسم کے منفی رویے کو برداشت نہیں کرسکتیں۔
یاد رہے کہ رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ ماضی میں فلم 'گلی بوائے' میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں جب کہ ان کی ایک اور فلم 'روکی اور رانی کی پریم کہانی' 11 فروری 2023 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔