ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں آئر لینڈ نے انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پانچ رنز سے شکست دے دی۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
آئرلینڈ نے پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے کپتان اینڈی بالبرنی کی 62 رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت 157 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے 14 اعشاریہ تین اوورز میں پانچ وکٹوں پر 105 رنز بنائے تھے کہ اس دوران بارش ہو گئی۔
آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے اور بارش نہ رکنے کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا جس پر آئر لینڈ کو پانچ رنز سے میچ کا فاتح قرار دے دیا گیا۔
آئر لینڈ نے اس کامیابی کے بعد دو پوائنٹس حاصل کر کے گروپ 'اے' میں انگلش کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ انگلش ٹیم کے بھی دو پوائنٹس ہیں لیکن وہ چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔
گروپ اے کی دیگر ٹیموں میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔
آئر لینڈ کے خلاف بدھ کو انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ مالان 35، الیکس ہیلس سات، بین اسٹوک چھ اور کپتان جوز بٹلر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ آل راؤنڈر معین علی 24 اور لیام لیونگسٹن ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آئر لینڈ کی جانب سے جوش لٹل نے دو، بیری مکارتھی، فیون ہینڈ اور جارج ڈوکریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔