رسائی کے لنکس

ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کا صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کا صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سابق امریکی صدر کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب حال ہی میں امریکہ میں ہونے والے مڈٹرم الیکشن میں اب تک کے نتائج میں ڈیموکریٹ پارٹی سینیٹ میں اکثریت حاصل کرچکی ہے۔ ری پبلکن پارٹی ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول حاصل کرنے کے قریب ہے۔

منگل کی شب فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران سابق صدر نے 2024 کا صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا۔ اس دوران اُن کے حامیوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ''امریکہ کی واپسی ابھی شروع ہو رہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ 2016 میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی اُمیدوار ہیلری کلنٹن کو شکست دینے کے بعد امریکہ کے صدر بنے تھےجس کے بعد 2020 کے صدارتی انتخاب میں انہیں ڈیموکریٹک پارٹی کے جو بائیڈن سے شکست ہوئی تھی جو اس وقت امریکہ کے 46 ویں صدر ہیں۔

ٹرمپ نے منگل کو اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ جب انہوں نے دفتر چھوڑا تھا تو ملک اپنے ''سنہری دور کے لیے تیار تھا۔ تاہم اب ہم ایک زوال کا شکار قوم ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بائیڈن کا دور لاکھوں امریکیوں کے لیے مایوسی اور اضطراب کا سبب بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ امریکہ میں تارکینِ وطن کی آمد کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے ذمے دار بائیڈن ہیں۔

سابق صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اگر وہ امریکی صدر ہوتے تو روسی صدر یوکرین پر حملہ نہ کرتے۔

ٹرمپ کے اعلان کے تھوڑی دیر بعد ہی صدر جوبائیڈن نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پیش رو نے ایسی معاشی پالیسی بنائی جو امیروں، انتہاپسندوں کی حمایت کرتی تھی اور خواتین کے حقوق پر حملہ کرتی تھی۔

صدر بائیڈن نے کہا کہ ''ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ میں ناکام ہوگئے۔''

خیال رہے کہ سابق صدر ٹرمپ کو اختیارات کے ناجائز استعمال، کیپٹل ہل حملے میں ملوث ہونے، الیکشن فراڈ اور بطور صدر حساس معلومات کو ہینڈل کرنے میں لاپرواہی جیسے الزامات کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ وہ عوامل ہیں جو اُن کے دوبارہ صدارتی اُمیدوار بننے کی راہ میں حائل ہو سکتے ہیں۔

امریکہ: وسط مدتی انتخابات سے متعلق بہت سے اندازے غلط ثابت ہوئے
please wait

No media source currently available

0:00 0:04:46 0:00

دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن جو آئندہ اتوار کو 80 برس کے ہو رہے ہیں وہ بھی 2024 میں دوبارہ انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم ابھی انہوں نے اس کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

ادھر زیادہ تر جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ ٹرمپ 2024 کی ری پبلکن صدارتی نامزدگی کے بڑے دعوے دار ہیں۔ تاہم وہ ایک متنازع شخصیت بنے ہوئے ہیں اور مبصرین کے مطابق وہ یقینی طور پر پارٹی کے لیے واحد امیدوار نہیں ہوں گے۔

کئی اہم ری پبلکن رہنما جن میں سابق نائب صدر مائیک پینس اور سابق وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو بھی ری پبلکن صدارتی اُمیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہونے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG