قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کا میلہ جوں جوں آگے بڑھ رہا ہے، ٹیموں کے اگلے مرحلے میں پہنچنے اور ایونٹ سے باہر ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دفاعی چیمپئن فرانس، سابق چیمپئن برازیل اور مضبوط ٹیم پرتگال نے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی ہے وہیں امریکہ ، انگلینڈ اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں بھی اپنے اپنے میچز جیت کر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔
منگل کو کھیلےگئے چاروں میچز میں سب سے اہم میچ ایران اور امریکہ کے درمیان کھیلا گیا جسےامریکہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے جیت لیا۔
امریکہ نے اس جیت کے ساتھ ہی فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ساتویں مرتبہ دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔
امریکی ٹیم کی جانب سے کرسچن پیولیسیک نے میچ کا واحد گول 38ویں منٹ میں اسکور کیا۔ ان کی اس کوشش کی وجہ سے امریکہ کو وہ برتری حاصل ہوگئی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
ایرانی ٹیم نے مخالف گول پر کئی حملے کیے لیکن گیند کو جال میں نہ پھینک سکی۔ اس فتح کے ساتھ ہی امریکہ نے ایران سے 1998 کے ورلڈ کپ کی ہار کا بدلہ بھی لے لیا اور اسے ایونٹ سے بھی باہر کردیا۔
چوبیس برس قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ کو'مدر آف آل گیمز' بھی کہا جاتا تھا، جس میں کامیابی کے بعد ایران میں فٹ بال شائقین نے خوب جشن منایا تھا۔لیکن آج ایک بہتر امریکی سائیڈ سے شکست کے بعد ایران میں بھی سوگ کا سماں ہے، جہاں فٹ بال کے مداح لاکھوں کی تعداد میں موجود تھے۔
گروپ 'اے' سے نیدرلینڈز اور سینیگال پری کوارٹر فائنل میں
گروپ 'اے' میں شامل نیدرلینڈز نے میزبان قطر کو دو صفر سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ کیا جب کہ دوسرے میچ میں سینیگال نے ایکواڈور کو ایک سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی سینیگال کی ٹیم نے نیدرلینڈز کی طرح دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔
اس وقت گروپ 'اے' میں نیدرلینڈز سات پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور سینیگال چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ چار پوائنٹس حاصل کرنے والی ایکواڈور کی سائیڈ اور میزبان قطر کا سفر یہیں ختم ہوگیا۔
نیدرلینڈ ز کی ٹیم کو تو تین بار ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے، لیکن سینیگال کی ٹیم اس سے قبل صرف ایک بار دوسرے مرحلے میں پہنچی تھی۔
گروپ 'بی' میں انگلینڈ اور امریکہ کا جادو چل گیا
اگر گروپ بی پر نظر ڈالیں تو انگلینڈ سات اور امریکہ پانچ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ ایران کی ٹیم صرف دو پوائنٹس کی کمی کی وجہ سے دوسرے مرحلے میں جگہ بنانے سے قاصر رہی جب کہ ویلز کی ٹیم کو بغیر کوئی میچ جیتے وطن لوٹنا پڑے گا۔
روایتی حریف ویلز کے خلاف میچ میں انگلینڈ کے ہیرو مارکس رشفرڈ رہے جنہوں نے انگلینڈ کی جانب سے 50ویں اور 68ویں منٹ میں گول اسکور کیے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے فل فوڈین نے 51ویں منٹ میں اپنا واحد گول اسکور کیا جس کی وجہ سے انگلش ٹیم نے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔
ویلز نے 64 سال بعد فٹ بال ورلڈ کپ کے مین مرحلے میں جگہ بنائی تھی اور ان کی بغیر کسی کامیابی کے وطن واپسی پران کے مداح مایوس ہیں۔
ایونٹ میں بدھ کو مزید چار میچز شیڈول
فیفا ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں بدھ کو بھی چار میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد گروپ 'سی' اور گروپ 'ڈی' کی ابتدائی دو ٹیموں کا بھی فیصلہ ہو جائے گا۔
آج کھِلا جانے والا پہلا اور دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے دفاعی چیمپین فرانس اور تیونس کے درمیان ہوگا جب کہ آسٹریلیا اور ڈنمارک کی ٹیمیں دوسرے میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
فرانس کی ٹیم جو پہلے ہی دوسرے راؤنڈ میں جگہ بناچکی ہے اس کے اس وقت چھ پوائنٹس ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر ڈنمارک اور تیونس کا ایک ایک پوائنٹ ہے۔ اگر ڈنمارک نے آسٹریلیا کو شکست دے دی تو اس کے بھی چار پوائنٹس ہوجائیں گے اور پھر دوسرے نمبر کی ٹیم کا فیصلہ گول ڈیفرنس پر ہوگا۔
پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے گروپ 'سی' کی دو مضبوط ٹیمیں پولینڈ اور ارجنٹائن آمنے سامنے ہوں گی۔ اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے سعودی عرب اور میکسیکو کی ٹیمیں بھی نبرد آزما ہوں گی۔
پولینڈ کے اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چار جب کہ دو مرتبہ کی سابق چیمپئن ارجنٹائن اور سعودی عرب کے تین تین پوائنٹس ہیں، جو بھی ٹیم اپنے اپنے میچ جیتنے میں کامیاب ہوگی اسے پری کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوگا۔
ایونٹ کا پہلا پری کوارٹر فائنل تین دسمبر کو نیدرلینڈز اور امریکہ کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ سینیگال اور انگلینڈ کی ٹیمیں اتوار اور پیر کی درمیانی شب 5 دسمبر کو چوتھے پری کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
دوسرے پری کوارٹر فائنل میں گروپ 'سی' کی ٹاپ اور گروپ 'ڈی' کی دوسری ٹیم مدمقابل ہوں گی جب کہ تیسرا پری کوارٹر فائنل گروپ 'سی' کی دوسری اور گروپ 'ڈی' کی ٹاپ ٹیم کے درمیان اتوار کو ہی کھیلا جائے گا۔