رسائی کے لنکس

آسٹریلیا نے اندور ٹیسٹ میں بھارت کو باآسانی شکست دے دی


آسٹریلیا نے اندور ٹیسٹ میں بھارت کو باآسانی نو وکٹوں سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

بھارت نے میچ جیتنے کے لیے مہمان آسٹریلیا کو 74 رنز کا ہدف دیا تھا جو جمعے کو کھیل کے تیسرے روز آسٹریلوی بلے بازوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔

اوپنر عثمان خواجہ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے لیکن ٹریوس ہیڈ اور مارنس لبوشین نے عمدہ بیٹںگ کرتے ہوئے بھارتی بالنگ اٹیک کو بے بس کیے رکھا اور ہدف باآسانی حاصل کیا۔

آسٹریلیا کی اس جیت کے بعد چار میچز کی سیریز میں بھارت کو اب بھی 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

بھارت نے اندور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 109 اور دوسری میں 163 رنز بنائے تھے جب کہ آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 197 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

بھارت کی جانب سے ملنے والا 76 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ٹریوس ہیڈ نے 49 اور لبوشین نے 28 رنز کی ناقابلِ شکست ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

اندور ٹیسٹ کی خاص بات یہ تھی کہ دونوں ٹیموں کا انحصار فاسٹ بالرز کے بجائے اسپنرز پر تھا۔

آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں جب کہ بھارتی کپتان روہت شرما نے بھی آسٹریلوی وکٹیں لینے کے لیے روندرا جڈیجا اور روی چندرن ایشون کو آزمایا۔

ایشون اور جڈیجا نے پہلی اننگز میں بالترتیب چار اور تین وکٹیں حاصل کیں لیکن دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی واحد وکٹ ایشون کے ہی حصے میں آئی۔

XS
SM
MD
LG