رسائی کے لنکس

'اسٹارز کو عزت دینا سیکھیں, ' سمیع خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ساتھی اداکار ناراض


پاکستان سپر لیگ 8 کا میلہ اس وقت زورو شور سے جاری ہے جس کے ساتھ ساتھ کئی ٹی وی چینل ایسے ٹاک شو نشر کررہے ہیں جس میں شوبز ستاروں کو بلا کر ان سے کرکٹ کے ساتھ ساتھ مزاحیہ سوالات بھی کیے جا رہے ہیں۔

ایسے ہی ایک ٹاک شو 'دی فورتھ امپائر'میں گزشتہ ہفتے اداکار سمیع خان اور اداکارہ مومل شیخ کو مدعو کیا گیا جن سے میزبان فہد مصطفیٰ اور ان کے ساتھی میزبانوں نے دلچسپ گفتگو کی۔

اس شو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر صارفین کے ساتھ ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد تنقید کر رہے ہیں۔ اس کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کامیڈین شیخ قاسم مہمان اداکار سمیع خان سے کچھ ذاتی اور کچھ طنزیہ نوعیت کے سوال اس انداز میں کرتے ہیں کہ وہ برا لگنے کے باوجود ان کا جواب دیتے ہیں۔

ان سوالات کا تعلق سمیع خان کی ناکام فلموں سے لے کر سیٹ پر پیش آنے والے واقعات سے تھا جن کا موضوع ایک ساتھی اداکارہ کا ان کے ساتھ کام نہ کرنا۔ ایک ہدایت کار کا انہیں سیٹ پر ڈانٹنا اور متعدد فلموں کا نہ چلنا تھا۔


اداکار سمیع خان گزشتہ 19 برس سے شوبز سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے متعدد فلموں میں تو کام کیا ہی ان کے کئی ڈرامے پاکستان میں اور پاکستان سے باہر بھی پسند کیے گئے۔

حال ہی میں ان کا ڈرامہ 'تنکے کا سہارا' ٹی وی پر نشر ہورہا ہے جب کہ وہ رواں سال 'دی ونڈو' کے ذریعے اپنا ہالی وڈ ڈیبیو بھی کریں گے۔

'ٹاک شوز میں اس قسم کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جسے ختم ہونا چاہیے'

اداکار سمیع خان نے تو بڑے صبر و تحمل سے یہ تمام سوالات سنے اور چند ایک کا جواب بھی دیا۔ لیکن دیکھنے والوں کو نہ تو سوالات پسند آئے اور نہ ہی سوال کرنے کا طریقہ ۔لیکن یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستان کے کسی نام ور ٹی وی شو میں کسی اداکار کے ساتھ ایسا سلوک ہوا ہو۔

ماضی میں ایک ٹی وی چینل پر معروف اینکر عامر لیاقت حسین نے عدنان صدیقی سے بھارتی اداکارہ سری دیوی اور اداکار عرفان خان کے حوالے سے ایک غیر مہذب سوال کیا تھا جس پر بعد میں سوشل میڈیا پر اتنا ہنگامہ ہوا کہ میزبان کو معافی مانگنا پڑگئی۔


اسی طرح سینئر اداکار شبیر خان نے بھی ایک مرتبہ ندا یاسر کے مارننگ شو سے صرف غصے میں آکر واک آؤٹ کردیا تھا کیوں کہ ان کے خیال میں شو میں پوچھے جانے والے سوال اور غلط جواب پر ہونے والی حرکات ٹھیک نہیں تھیں۔

معروف اداکار بہروز سبزواری کا میزبان ساحر لودھی کے رمضان شو کے دوران سیٹ پر بھاگنے سے منع کرنے سے لے کر اداکار فیصل قریشی کا ٹک ٹاکرز کو آن ایئر ڈانٹنا، یہ سب ٹی وی پر ہونا اب عام سی بات ہے۔ لیکن شوبز ستاروں کی نظر میں اب یہ بہت ہو چکا ہے۔

اداکارہ رمشا خان نے ٹوئٹ کی کہ جو کچھ سمیع خان کے ساتھ ہوا۔ وہ ہمارے کلچر کا حصہ نہیں۔ لیکن ہم اسے اس کا حصہ بنانے پر بضد ہیں۔ان کے خیال میں اپنے لوگوں کو بے عزت کرنے سے بہتر ہے کہ ان کی کامیابی پر بات کی جائے۔


انہوں نے کامیڈین کو بطور ساتھی میزبان ٹاک شو میں بٹھانے کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ ایسےلوگوں کو شوز میں بٹھایا جائے جنہیں سوال پوچھنا آتے ہوں۔

سمیع خان کے ساتھ ٹی وی ڈرامے 'رسمِ دنیا' میں کام کرنے والی اداکارہ ارمینا رانا خان نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری کے ذریعے ٹاک شو کے فارمیٹ اور پوچھے جانے والے سوالات پر تنقید کی۔

انہوں نے اپنی انسٹااسٹوری میں کہا کہ سمیع خان کا شمار شوبز کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جن کے رویے کی وجہ سے سب ان کی عزت کرتے ہیں، شو کے دوران پوچھے گئے سوالات کے ردِ عمل میں شائستگی سے جواب دے کر انہوں نے سب کے دل جیت لیے۔


ایک طرف اداکار منیب بٹ نے میزبان سے معافی کا مطالبہ کیا تو دوسری جانب اداکارہ عائشہ خان نے بھی مطالبہ کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان ٹاک شوز کے لیے ایک حد مقرر کی جائے جس میں کسی بھی شخص کی بے عزتی نہ کی جائے۔

اداکارہ عائشہ عمر نے بھی سوشل میڈیا پر اس ٹاک شو اور اس میں کیے جانے والے سوالات پر تنقید کرتےہوئے کہا کہ سمیع خان ایک اچھے اداکار کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی ہیں۔


اداکارہ سعدیہ خان اور غنا علی نے بھی اس معاملےپر اپنی رائے دیتے ہوئے شو کے پروڈیوسروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ریٹنگ بڑھانے کے چکر میں ایسی حرکتیں کرنا درست نہیں۔

سمیع خان کے دو ہٹ ڈرامے 'خودغرض 'اور 'بے انتہا 'لکھنے والی مصنفہ ردا بلال سمجھتی ہیں کہ جس شو میں سمیع خان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا اس میں موجود لوگ یا تو کامیڈین تھے یا پھر معاون اداکار اور وہ شاید زندگی بھر یہی رہیں گے۔



سمیع خان کے ساتھ ہونے والے اس واقعے پر شوبز ستاروں کے علاوہ دیگر صارفین بھی ردِعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ صدف حیدر کے بقول شوبز شخصیات سے غیر مہذب انداز میں سوال پوچھنا ایک ایسا ٹرینڈ بن گیا ہے جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔


انہوں نے کہا کہ سمیع خان کے حوالے سے انہوں نے آج تک کوئی غلط بات نہیں سنی اور اس قسم کے سوالات کا سامنا کرکے انہوں نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا۔

مریم عدنان نے اس شومیں ہونے والے سیگمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔



بسمہ نور نے ٹاک شو میں مہمان کو بلا کر میزبان کے ہاتھوں اس کی بے عزتی کرنے کو ایک غلط فعل قرار دیا۔



ایک اور صارف سیم شے کے خیال میں ٹاک شو میں جس طرح مہمانوں کا انتخاب کیا جاتا ہے ویسے ہی میزبانوں کو منتخب کرنا چاہیے۔ انہوں نے فہد مصطفیٰ اور ان کے ساتھیوں کو میزبانی کے لیے ان فٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذاق کی آڑ میں بےعزتی کرنے کا حق کسی کو حاصل نہیں۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG