اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بدھ کے روز کہا کہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے، فلسطینیوں کے لیے اجتماعی سزا کا جواز نہیں ہیں اور انہوں نے فوری طور پر فائر بندی کی اپیل کی ہے ۔
چین میں ایک اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئےانٹونیو گوتریس نے حماس کی جانب سے سات اکتوبر کو اسرائیل پر کیے گئے حملوں کو مذمت کی اور کہا کہ یہ دہشت گردی کی ایسی کارروائی قرار دیا جس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا ۔ لیکن انہوں نے کہا کہ وہ حملے فلسطینی شہریوں کی اجتماعی سزا کا جواز نہیں ہو سکتے ۔
اسرائیل پر ان حملوں میں 1400 لوگ ہلاک ہوئے ہیں ۔
عالمی ادارے کے سربراہ نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک فوری جنگ بندی کی اپیل کی ۔
گوتریس نے حماس کی جانب سے اسرائیل پر اس کی تاریخ کے مہلک ترین حملے کے دوران اغوا کیے گئے کم از کم 199 افراد کا حوالہ دیتے ہوئےیرغمالوں کی بلا مشروط اور فوری رہائی کی اپیل کی۔ ا
انہوں نے اسرائیل سے بھی اپیل کی کہ وہ فوری طور پر غزہ میں ان لوگوں کے لیے انسانی ہمدردی سے متعلق امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل کی اجازت دے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا ، میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک فوری جنگ بندی کی اپیل کرتا ہوں تاکہ بڑےپیمانے کے انسائی مصائب میں کمی لانے کے لیے اپنی دو اپیلوں کے تحت کارروائی میں مدد کےلیے کافی وقت اور جگہ مل سکے ۔
گوتریس نے کہا کہ بہت سی زندگیوں اور پورے خطے کے مستقبل کا دارو مدار توازن پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو 56 سال کے قبضے کے بعد جو سنگین شکایات ہیں وہ ان سے پوری طرح واقف ہیں ۔
لیکن یہ شکایات خواہ کتنی ہی سنگین ہوں ، وہ حماس کی جانب سے سات اکتوبر کی دہشت گردی کی کارروائیوں کا جواز نہیں ہو سکتیں ۔
اقوام متحدہ کے سر براہ نے اس سے قبل کہا تھا کہ انہیں منگل کی رات غزہ کے ایک ہسپتال میں اس مہلک دھماکے پر شدید صدمہ پہنچا ہےجس میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہو گئے تھے ۔
حما س نے اسپتال پر حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے ۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ تباہی غزہ میں اسلامی جہاد کےعسکریت پسندوں کی جانب سے ایک راکٹ کا نشانہ خطا ہونے کے نتیجے میں ہوئی ۔
سیکرٹری جنرل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ،" میرا دل متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہے ۔ اسپتالو ں اور ان کےعملے کو انسانی ہمدردی کے بین الاقوامی قوانین کے تحت تحفظ حاصل ہے ۔"
انہوں نے غزہ کے ایک پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام ایک اسکول پر اس حملے کی بھی مذمت کی جس میں چھ لوگ ہلاک ہوئے تھے۔
( اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔)
فورم