رسائی کے لنکس

سہروردی کے پہلے چینی دورے پر ماؤزے تنگ کے دستخط والا دعوت کا مینیو، 2 لاکھ 75 ہزار ڈالر میں نیلام


ماؤزے تنگ، فائل فوٹو
ماؤزے تنگ، فائل فوٹو

سابق چینی سربراہ، ماؤزے تنگ کے دستخط والے ریاستی دعوت کے مینیو کی نیلامی، بدھ کے روز امریکی شہر بوسٹن میں 2 لاکھ 75 ہزار ڈالر میں ہوئی۔

یہ رقم پاکستانی روپوں میں تقریبا پونے آٹھ کروڑ روپے ہے۔

اس ریاستی دعوت کی خاص بات یہ ہے کہ یہ دعوت 19 اکتوبر 1956 میں اس وقت کے پاکستانی وزیراعظم حسین شہید سہروردی کے چین کے پہلے ریاستی دورے کے لیے دی گئی تھی۔

اس مینیو پر ماؤزے تنگ، چو این لائی سمیت چھ اہم چینی رہنماؤں کے دستخط موجود ہیں۔ اس مینیو میں دونوں ممالک کے مقبول کھانے شامل تھے۔

امریکہ کے ولسن سینٹر کے ڈیجیٹل آرکائیو میں پاکستانی وزیراعظم کے چین کے دورے کی بریفنگ کی دستاویز میں درج ہے کہ حسین شہید سہروردی نے اس دعوت پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ خصوصاً وفد میں شامل تمام پاکستانی ارکان اور موسیقاروں کو چو ان لائی نے مکمل توجہ دی تھی۔ اس وفد کے دیگر پاکستانی ارکان نے بھی ان خیالات کا اظہار کیا تھا کہ اس دعوت کی فضا کافی دوستانہ تھی۔

بوسٹن کے آر آر آکشن کے ایگزیکٹو نائب صدر بابی لونگسٹن نے ایک بیان میں کہا، ’’ماؤزے تنگ اور چو ان لائی کے دستخط والا مینیو ہاتھ میں لینا ایسے ہے جیسے ماضی کا ایک ٹکڑا آپ کے ہاتھ میں ہو۔ جو آپ کو ماضی کے سفارتی و ثقافتی تبادلے اور عشروں تک جاری رہنے والی دوستیوں کی ابتدا ءکی داستاں سناتا ہو۔‘‘

اس نیلامی میں رکھی دیگر اشیا میں دوسری عالمی جنگ کے دور کی انیگما کوڈنگ مشین، تھامس ایڈیسن کے دستخط والے لائیٹ بلب کے پیٹنٹ اور سٹیو جابز کے دستخط والا ایک چیک بھی شامل تھا۔

1976 میں سٹیو جابز کے دستخط والا یہ 4 ڈالر کا چیک 46 ہزار اور 63 ڈالر میں نیلام ہوا۔ یہ چیک اسی برس جاری ہوا جب انہوں نے سٹیو وازنیاک کے ساتھ مل کر امریکی ریاست سان فرانسسکو کی سلیکون ویلی میں ایک گیراج میں ایپل کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔

اس خبر کے لیے کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا۔

فورم

XS
SM
MD
LG