رسائی کے لنکس

اسرائیلی بمباری سے بچنے کے لیے ہزاروں لوگ خان یونس سے فرار ہو رہے ہیں


 ایک فلسطینی خاتون اپنے بچے کے ساتھ خان یونس سے فرار ہوتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کے چھوڑے ہوئے اسلحے کے کنٹینرز کے پاس سے گزر رہی ہے ، فوٹو اے ایف پی، 2 فروری 2024
ایک فلسطینی خاتون اپنے بچے کے ساتھ خان یونس سے فرار ہوتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کے چھوڑے ہوئے اسلحے کے کنٹینرز کے پاس سے گزر رہی ہے ، فوٹو اے ایف پی، 2 فروری 2024

خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس کےمطابق جمعے کے روز غزہ کی پٹی میں لڑائی جاری رہی، صحت کے عہدے داروں نے علاقے میں رات بھر کے دوران 105 لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے ۔ نیوز سروس نے حماس کے پریس آفس کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں اور گولہ باری میں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کو نشانہ بنایا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے جمعے کو خبر دی کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ میں رفح کے بیرونی مضافات پر گولہ باری کی جہاں خان یونس پر اسرائیل کی ایک سب سے بڑی کارروائی کے آغاز کے بعد سے ہزاروں لوگ بھاگ کرپہنچے ہیں۔

جنیوا میں جمعے کے روز ایک نیوز بریفنگ میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے امو ر کے رابطہ دفتر کے ترجمان جینس لائیرکی نے خان یونس میں بڑھتی ہوئی لڑائیوں اور اس کے نتیجے میں پناہ کے لیےر فح جانےوالے لوگوں کی تعداد میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

رفح میں ایک عارضی خیمہ بستی میں بے گھر فلسطینی خوراک کے راشن وصول کر رہے ہیں ، فوٹو اے ایف پی ، 2 فروری 2024
رفح میں ایک عارضی خیمہ بستی میں بے گھر فلسطینی خوراک کے راشن وصول کر رہے ہیں ، فوٹو اے ایف پی ، 2 فروری 2024

لائیرکی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حالیہ دنوں میں ہزاروں فلسطینیوں نے جنوب میں رفح کی طرف انخلا جاری رکھا ہے جہاں پہلے ہی غزہ کی 23 ملین آبادی میں سے نصف نے پناہ لئے ہوئے ہے ۔

لائیرکی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ،” ان میں سے بیشتر عارضی پناہ گاہوں ، خیموں یا کھلے مقامات پر رہ رہے ہیں ۔ رفح مایوسی کا ایک’پریشر ککر‘ ہے اور جو کچھ آئندہ ہونے والا ہے ہم اس سے خوفزدہ ہیں۔ “

جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے علاقے میں ایک فلسطینی عورت مٹی کے ایک چولھے پر روٹی پکا رہی ہے جب کہ اس کے بچے ارد گرد بیٹھےہیں، فوٹو رائٹرز 24 جنوری 2024
جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے علاقے میں ایک فلسطینی عورت مٹی کے ایک چولھے پر روٹی پکا رہی ہے جب کہ اس کے بچے ارد گرد بیٹھےہیں، فوٹو رائٹرز 24 جنوری 2024

لائریکی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارو ں اور ان کے صحت سے متعلق پارٹنرز کو سب سے زیادہ خوف بیماری کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کافی خوراک، پینے کا صاف پانی یا شیلٹر دستیاب نہیں ہے۔

اسی نیوز بریفنگ میں فلسطینی علاقوں کے لیے عالمی ادارہ صحت کے نمائندے رک پیپر کورن نے کہا کہ ، غزہ میں کم از کم 8000 ایسے شدید زخمی یا بیمار لوگ موجود ہیں جنہیں طبی علاج کے لیے مصر یا کسی اور جگہ بھیجے جانے کی ضرورت ہے۔

ایک زخمی فلسطینی بچے کو غزہ کی پٹی سے رفح بارڈ ر کراسنگ کے ذریعے مصر انخلا کے بعد مصری ریڈ کریسنٹ کی ایک ایمبولینس میں منتقل کیا جارہا ہے، فوٹو اے پی ، یکم فروری 2024
ایک زخمی فلسطینی بچے کو غزہ کی پٹی سے رفح بارڈ ر کراسنگ کے ذریعے مصر انخلا کے بعد مصری ریڈ کریسنٹ کی ایک ایمبولینس میں منتقل کیا جارہا ہے، فوٹو اے پی ، یکم فروری 2024

لگ بھگ چار ماہ سے جاری اس جنگ میں غزہ کے صحت کے حکام کے مطابق 26 ہزار 900 فلسطینی مارے جا چکے ہیں جب کہ سات اکتوبر کے حماس کے حملے میں اسرائیلی حکام کے مطابق تقریباّ 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کل جمعرات کو ایک اہم پیش رفت میں بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کے چار افراد پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا، جن پر الزام ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد میں ملوث تھے۔

صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو ایک انتظامی حکم نامہ جاری کیا جس کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے میں بدسلوکی کرنے والے اسرائیلی آباد کاروں کو سزا دینا ہے۔ فلسطینی اس علاقے کو اپنے مستقبل کی ایک ریاست کے طور پر دیکھتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حکم نامہ ان افراد کے خلاف مالیاتی اور ویزا کی پابندیوں کا ایک نظام قائم کرتا ہے جو فلسطینیوں پر حملہ کرتے ہیں یا انہیں ڈراتے دھمکاتے ہیں یا ان کی املاک پر قبضہ کرتے ہیں۔

قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ آج کے اقدامات کا مقصد اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے لیے یکساں طور پر امن اور سلامتی کا فروغ ہے۔

محکمہ خارجہ کی یہ پابندیاں جو مذکورہ چار افراد کے امریکہ میں اثاثے منجمد ،اور امریکیوں کو عمومی طور پر ان سے لین دین سے روکتی ہیں، 7 اکتوبر کو فلسطینی گروپ حماس کے اسرائیل پر حملے اور اس کے ردعمل میں حماس کے زیر اقتدار غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کے بعد کا تازہ ترین واقعہ ہے۔

وی او اے نیوز

فورم

XS
SM
MD
LG