رسائی کے لنکس

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا جامشورو میں بڑا مظاہرہ۔ 16 فروری 2024
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا جامشورو میں بڑا مظاہرہ۔ 16 فروری 2024

پاکستان میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کےخلاف احتجاجی ریلیوں سے آگاہ ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

پاکستان میں جمعے کے روز مختلف شہروں میں کئی سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں دھاندلی کے الزمات لگاتے ہوئے مظاہرے کیے۔

12:15 16.2.2024

تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان رابطے بحال 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔

جماعتِ اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کے مطابق سردار لطیف کھوسہ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ اشتراک عمل پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مؤقف اصولی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اشتراکِ عمل صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر نہیں بلکہ وفاقی سطح پر بھی کیا جانا چاہیے۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جماعتِ اسلامی نے یہ کہہ کر تحریکِ انصاف سے راہیں جدا کر لی تھیں کہ پی ٹی آئی نے ان سے صرف خیبر پختونخوا میں نہیں بلکہ وفاق کی سطح پر ساتھ چلنے کی بات کی تھی۔

12:18 16.2.2024

شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس کا فیصلہ چیلنج کر دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سابق وزیرِ خارجہ اور تحریکِ انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

شاہ محمود قریشی نے ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے 30 جنوری کو شاہ محمود قریشی کو دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔

13:07 16.2.2024

اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستیں نمٹا دی گئیں

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں حلقہ این اے 46, 47 اور 48 کے انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔

عدالت نےالیکشن کمیشن کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔

تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین نے این اے 47، علی بخاری نے این اے 48 اور عامر مغل نے این 46 کے نتائج کو چیلنج کیا تھا۔

15:45 16.2.2024

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 85 امیدواروں کو ہرایا گیا ہے، رؤف حسن

پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انتخابی نتائج کو ایک مرتبہ پھر مسترد کر دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس موجود فارم 45 کے مطابق وہ الیکشن میں جیتے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے دعویٰ کیا کہ ان کے حمایت یافتہ 85 امیدواروں کو ہرایا گیا ہے جس کے خلاف وہ قانونی راستہ اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ووٹ ڈکیتی کی گئی۔ ہماری تحقیقات کے مطابق قومی اسمبلی کی 85 نشستیں پی ٹی آئی سے چھینی گئی ہیں۔

رؤ حسن کے مطابق فارم 45 اور فارم 47 میں واضح فرق ہے جب کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹوں کا فرق بھی بڑا بینچ مارک ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا کہ کراچی شہر سے ہمیں 12 لاکھ 50 ہزار ووٹ ملے مگر ایک سیٹ بھی نہیں ملی جب کہ فارم 45 کی بنیاد پر ہم جیت رہے تھے مگر وہاں سے ایم کیو ایم کو جتوا دیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ خیا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار یاسمین راشد 19 ہزار ووٹوں سے کامیاب ہوئی ہیں لیکن نشست پر نواز شریف کو جتوا دیا گیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG