رسائی کے لنکس

ٹوئٹر کے سابق ایگزیکٹوز کا مسک کے خلاف مقدمہ؛ 12 کروڑ ڈالر واجبات دینے کا مطالبہ


  • ایکس کے سابق چیف ایگزیکٹوز نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک پر مقدمہ درج کیا ہے۔
  • مقدمے میں ان سے لگ بھگ 12.8 کروڑ ڈالرز واجبات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
  • سابق چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نے 5.74 کروڑ ڈالرز جب کہ سابق چیف فنانشل افسر نیڈ سیگل نے 4.45 کروڑ ڈالرز واجبات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے سابق چیف ایگزیکٹوز نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک پر مقدمہ درج کیا ہے اور ان سے لگ بھگ 12.8 کروڑ ڈالرز واجبات کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مقدمہ ایکس (ٹوئٹر) کے سابق چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال، چیف فنانشل آفیسر نیڈ سیگل، چیف لیگل آفیسر وجے گڈے اور جنرل کاؤنسل شان ایجڈ نے کیلیفورنیا فیڈرل کورٹ میں دائر کیا ہے۔

مقدمے میں درخواست گزاروں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ "ایلون مسک اپنے بل ادا نہیں کرتے، ان کا خیال پے کہ قواعد ان پر لاگو نہیں ہوتے اور وہ اپنی دولت اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ہر اس شخص کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں جو ان سے متفق نہیں ہوتا۔"

ایکس کے سابق چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نے مقدمے میں 5.74 کروڑ ڈالرز جب کہ سابق چیف فنانشل افسر نیڈ سیگل نے 4.45 کروڑ ڈالرز واجبات کا مطالبہ کیا ہے۔

ایلون مسک نے اپریل 2022 میں 44 ارب ڈالر کے عوض ٹوئٹر خریدنے کی پیش کش کی تھی لیکن جولائی میں وہ اس پیش کش سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔

بعدازاں ٹوئٹر نے مسک پر مقدمہ دائر کیا تھا کہ وہ خریداری کے معاہدے کو حتمی شکل دیں۔ پھر مسک نے اکتوبر 2022 میں 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر خرید لیا تھا۔

مسک نے کمپنی خریدنے کے بعد سابق چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال سمیت دیگر ایگزیکٹوز کو برطرف کر دیا تھا۔

مسک نے ان پر الزام عائد کیا تھا وہ پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس کی تعداد کی وجہ سے انہیں اور ٹوئٹر کے سرمایہ کاروں کو گمراہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ جب مسک اس ڈیل سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کر رہے تھے تو ٹوئٹر کیے ایگزیکٹوز کی ٹیم نے مسک پر مقدمہ کیا تھا کہ وہ ڈیل کو حتمی شکل دیں۔

حال ہی میں دائر مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مسک نے انہیں بغیر کسی وجہ کے نوکری سے فارغ کیا اور ان کے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

مقدمے میں درخواست گزاروں نے کہا کہ مسک نے انہیں بلاوجہ نکالنے کے بعد جعلی وجوہات بتائیں۔

اس مقدمے کے علاوہ ٹوئٹر کے سابق ایگزیکٹوز نے مسک پر ایک اور مقدمہ بھی کر رکھا ہے کہ وہ اپنی سابقہ ملازمتوں سے متعلق قانونی چارہ جوئی، تحقیقات اور کانگریس کی انکوائری کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے رقم ادا کریں۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے کمپنی کا نام ٹوئٹر سے تبدیل کر کے 'ایکس' کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG