رسائی کے لنکس

امریکہ کی متعدد ریاستوں میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے، شاہراہوں پر ٹریفک معطل


ریاست کیلی فورنیا، نیویارک اور الی نوائے میں اہم شاہراہوں کو مظاہروں کے دوران بند کر دیا گیا۔
ریاست کیلی فورنیا، نیویارک اور الی نوائے میں اہم شاہراہوں کو مظاہروں کے دوران بند کر دیا گیا۔

فلسطینیوں کے حامی افراد نے امریکہ کی متعدد ریاستوں میں اہم شاہراہوں کو مظاہرے کر کے بند کر دیا جس سے ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں پر عارضی طور پر مسافروں کی روانگی معطل رہی۔ اسی طرح اہم ترین پلوں گولڈن گیٹ اور بروکلین برج کے ساتھ ساتھ مصروف ترین ہائی وے ویسٹ کوسٹ پر عارضی طور پر سفر متاثر ہوا۔

امریکی ریاستوں کیلی فورنیا، نیویارک اور الی نوائے میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

شکاگو شہر میں مظاہرین نے صبح سات بجے کے قریب بین الاقوامی ہوائی اڈے او ہیئر کی طرف جانے والی انٹر اسٹیٹ لین کو بلاک کر دیا۔

مظاہروں کے منتظمین میں شامل رفقہ فلانے کے مطابق امریکہ میں پیر کو کیا گیا احتجاج فلسطین کی آزادی کے لیے اقتصادی ناکہ بندی کے عالمی مظاہروں کا حصہ تھا۔

کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں احتجاج کے سبب ٹریفک کی روانی کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔

اسی طرح مظاہرین نے گولڈن گیٹ برج پر تمام گاڑیوں، پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت بند کر دی۔

اوکلینڈ میں انٹراسٹیٹ 880 ہائی وے پر مظاہرین نے سیمنٹ سے بھرے 55 گیلن ڈرموں میں خود کو جکڑا اور راستے کو بند کر دیا۔

نیویارک کے علاقے بروکلین میں مارچ کرنے والے مظاہرین نے بروکلین پل پر مین ہٹن جانے والی ٹریفک کو روک دیا۔

اسی طرح ریاست اوریگن کے شہر یوجین میں مظاہرین نے انٹراسٹیٹ فائیو کو بلاک کیا جس سے دیگر اہم شاہراہوں پر 45 منٹ تک ٹریفک کی روانی بند رہی۔

ریاست واشنگٹن کے ادارہ برائے نقل و حمل کے مطابق مظاہرین نے نیشنل ایئرپورٹ کی مرکزی سڑک کو بند کر دیا تھا۔

سوشل میڈیا پوسٹس میں لوگوں کو شاہراہ پر کھڑے ایک بینر پکڑے اور فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس راستے کو تقریباً تین گھنٹے بعد مکمل طور پر بحال کیا جا سکا۔

شاہراہوں کے بلاک ہونے سے کئی مسافروں کو ایئر پورٹس پہنچے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

مختلف مقامات پر پولیس نے درجنوں مظاہرین کو قانون کی مبینہ خلاف ورزی پر حراست میں لیا۔

گزشتہ سال سات اکتوبر کو حماس کے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد سے شکاگو میں جنگ مخالف مظاہرین روزانہ احتجاج کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حماس نے سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق لگ بھگ 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے دوران حماس نے ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ ان یرغمال افراد میں سے 100 سے زائد کو نومبر میں ہونے والی ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی میں رہا کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق سات اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیل کے حملوں اور زمینی کارروائی میں لگ بھگ 33 ہزار فلسطینی مارے جا چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی کے لیے متعدد بار مذاکرات ہو چکے ہیں البتہ یہ بات چیت کسی حتمی مرحلے تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

حماس کی تحویل میں اب بھی 100 سے زائد یرغمالی موجود ہیں جب کہ بعض اطلاعات کے مطابق 30 یرغمالی ہلاک ہو چکے ہیں جن کی باقیات بھی حماس کے پاس ہیں۔

اس رپورٹ میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ’ایسو سی ایٹڈ پریس‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG