|
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کا کپتانی سے استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ بابر اعظم نے گزشتہ روز گرین شرٹس کی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے بدھ کو جاری ایک اعلامیے کے مطابق کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کے وائٹ بال کرکٹ کے لیے کپتان کے طور پر حمایت کی تھی۔ لیکن ان کا مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ ایک کھلاڑی کے طور پر زیادہ توجہ دینے کی ان کی خواہش کا اظہار ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بابر اعظم کا فیصلہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستگی کا ثبوت ہے۔ پی سی بی کے مطابق بابر اعظم کا یقین ہے کہ وہ خود کو بیٹنگ کے لیے پوری طرح وقف کرنے سے شارٹ فارمیٹس میں ٹیم کے لیے زیادہ سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ بابر اعظم کے بطور کپتان تعاون، ٹیم کی ضروریات کو ترجیح دینے کی صلاحیت اور پاکستان کرکٹ کے لیے غیر متزلزل لگن کو تسلیم کرتا ہے۔ بورڈ کے مطابق وہ بابر اعظم کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس سے قبل منگل کی رات سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔
لیکن بابر کے بقول اب وقت آگیا ہے کہ وہ اس ذمے داری سے سبک دوش ہو کر اپنے کھیل پر توجہ دیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ کپتانی ان کے لیے ایک انعام کی طرح تھی لیکن اس کے ساتھ ساتھ کام کا بوجھ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے وہ اپنی پرفارمنس کو ترجیح دینے، اپنی بلے بازی سے محظوظ ہونے اور اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں جو ان کے لیے خوشی کا باعث ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتانی چھوڑنے سے وہ پوری یکسوئی کے ساتھ اپنی ذات اور کھیل کی بہتری پر کام کریں گے۔
وائٹ بال کرکٹ کے سابق کپتان نے مزید کہا تھا کہ "ہم نے مل کر جو کامیابیاں حاصل کیں ان پر مجھے فخر ہے اور ایک کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں کھیلنے کے لیے پُرجوش ہوں۔‘‘
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کو مستقبل میں وائٹ بال کرکٹ کی حکمتِ عملی بنانے کا کام دیا گیا ہے جس میں نئے کپتان کے نام کی سفارش بھی شامل ہے۔
فورم