رسائی کے لنکس

ٹوکیو اولمپکس: تمام کھلاڑیوں کو کرونا ویکسین دینے کی تجویز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے رکن ڈک پاؤنڈ کا کہنا ہے کہ رواں برس منعقد ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کو منسوخی سے بچانے کے لیے تمام کھلاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کرونا وائرس ویکسین دی جانی چاہیے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق بین الاقوامی اولمپک کمیٹی میں طویل مدت تک خدمات انجام دینے والے کینیڈا کے ڈک پاؤنڈ کا کہنا ہے کہ اگر تمام کھلاڑیوں کو پہلے سے وبائی مرض سے بچاؤ کی ویکسین لگا دی جائے تو دنیا بھر کے کھلاڑی اولمپکس میں شرکت کر سکیں گے اور اولمپک گیمز کا انعقاد بھی ممکن ہو سکے گا۔

'اے ایف پی' نے 'اسکائی نیوز' کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حکومت اور برٹش اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان جولائی تک کھلاڑیوں کو کرونا وائرس ویکسین دینے سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ان ممالک کے کھلاڑیوں کو ویکسین دینے پر بضد ہے جہاں موسم گرما سے پہلے کرونا وائرس ویکسین لگوانے کا عمل شروع ہونے کا امکان نہیں ہے۔

کھلاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگوانے کی خبروں کے ساتھ ہی نئے خدشات بھی ابھر کر سامنے آئے ہیں کہ آیا ایک سال تاخیر سے 23 جولائی کو شروع ہونے والے ٹوکیو اولمپکس منعقد ہو بھی سکیں گے یا نہیں؟

ٹوکیو اولمپکس جولائی 2020 میں ہونے تھے۔ تاہم کرونا وائرس کی عالمی وبا پھیلنے کے سبب انہیں رواں سال جولائی تک ملتوی کیا گیا تھا۔

جاپان نے کرونا وائرس پر بڑی حد تک قابو پایا ہے۔ لیکن حالیہ ہفتوں میں سامنے آنے والے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جاپان کے وزیرِ اعظم نے دارالحکومت ٹوکیو میں ہنگامی حالت نافذ کرنے سے متعلق فیصلے کے لیے جمعرات تک کا وقت مانگا ہے۔

دوسری جانب مالیاتی بورڈ کے سربراہ اینڈی اینسن کا کہنا ہے کہ اگر کاروباری شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں کی وجہ سے کھیلوں کو اگلے سال مارچ تک منسوخ کیا گیا تو یہ کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ہو گا۔ تاہم انہیں یقین ہے کہ ایسا نہیں ہو گا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اولمپکس سے پہلے موسم بہار کے آخر یا موسم سرما میں تمام کھلاڑیوں کو ویکسین دے دی جائے گی۔

فی الحال آئی او سی ٹوکیو اولمپک دنیا بھر کے تماشائیوں کے بغیر مقابلے کرانے، صرف مقامی شائقین کو کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے یا بند دروازوں کے پیچھے مقابلے منعقد کرانے پر بھی غور کر رہی ہے۔

کمیٹی پہلے ہی ایتھیلیٹس ولیج میں سخت پابندیوں سمیت بہت سی تبدیلیوں کا اعلان کر چکی ہے۔ جن کے تحت تمام کھلاڑی مقابلے کی تاریخ سے صرف پانچ دن پہلے سائٹ پر پہنچیں گے، جب کہ انہیں اپنے آخری مقابلے کے بعد 48 گھنٹے کے اندر اندر واپس جانا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG