رسائی کے لنکس

ٹوکیو اولمپکس اب 23 جولائی 2021 سے شروع ہوں گے


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث رواں سال ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اب یہ گیمز 23 جولائی سے آٹھ اگست 2021 کے دوران منعقد ہوں گے۔ خصوصی افراد کے پیرا اولمپک 24 اگست سے پانچ ستمبر تک ہوں گے۔

اولمپک مقابلوں کی نئی تاریخ کا اعلان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی، انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی اور ٹوکیو 2020 آرگنائزنگ کمیٹی نے مشترکہ اعلامیے میں کیا۔

ٹوکیو اولمپکس رواں سال 24 جولائی سے نو اگست تک جاپان میں شیڈول تھے۔ تاہم کرونا وائرس کی وبا کے سبب انہیں گزشتہ ہفتے ایک سال تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ جاپان ان گیمز کے انعقاد کے لیے نہ صرف بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرچکا تھا بلکہ تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے تھے۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مختلف ملکوں کے سربراہان نے یہ مقابلے ملتوی کرنے پر زور دیا تھا۔ کینیڈا نے سب سے پہلے اپنے ایتھلیٹس نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد دیگر ممالک نے بھی اپنے کھلاڑی ٹوکیو نہ بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھامس باک کا کہنا ہے کہ ٹوکیو 2020 کی انتظامی کمیٹی، ٹوکیو میٹروپولیٹن گورنمنٹ، جاپانی حکومت اور دیگر تمام متعلقہ افراد کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ "دنیا ان دنوں ایک تاریک سرنگ سے گزر رہی ہے لیکن سرنگ کے اختتام پر ٹوکیو اولمپکس کی روشنی ہے۔"

انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی کے صدر اینڈریو پارسن نے کہا ہے کہ آئندہ سال پیرالمپکس کا انعقاد انسانی جرات اور بہادری کا مظہر ہو گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیرالمپک کے انعقاد میں 512 دن باقی ہیں۔ ایسے میں پیرا لمپکس سے جڑے تمام افراد کی ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ وہ اپنے اہل خانہ اور بچوں کے ساتھ محفوظ رہیں اور گھر میں رہیں۔

اولمپکس مقابلوں کو جنگوں کے سوا کسی بھی دور میں ملتوی نہیں کیا گیا۔ جنگوں کے سبب 1916، 1940 اور 1944 میں ہونے والے اولمپک گیمز منسوخ کر دیے گئے تھے۔

حیرت انگیز طور پر 1940 کے اولمپکس مقابلے بھی جاپان میں ہی ہونا تھے، جو دوسری جنگِ عظیم کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG