رسائی کے لنکس

کرونا وبا کے سائے میں کرسمس، کہیں لاک ڈاؤن، کہیں چرچ بند 


سری لنکا کی ایک بچی نے سانتا کلاز کا ربن باندھ رکھا ہے۔
سری لنکا کی ایک بچی نے سانتا کلاز کا ربن باندھ رکھا ہے۔

کرفیو، قرنطینہ، اور بین الاقوامی سرحدوں پر پابندیوں کی سی صورت حال میں جمعے کے روز دنیا بھر میں کروڑوں افراد نے اپنا کرسمس کا تہوار منایا اور ان کی ہمت اور عزم نے کرونا کی مہلک عالمی وبا کے باوجود اس دن کو خاص بنانے میں مدد دی۔

جنوبی افریقہ میں، جہاں کرونا وائرس کے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، ٹیولو ڈی اولیویریا نےاپنی لیبارٹری میں وائرس کی جینیاتی سیکوئینسنگ کرتے ہوئے کرسمس کا دن گزار۔ وہ اس ٹیم کی سربراہی کر رہے ہیں جس نے جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ وائرس کو دریافت کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے ماہرین کا خیال ہے کہ وبا کی انتہا ابھی آنا باقی ہے۔ اس خطرے سے محفوظ رہنے کے لیے حکام نے جہاں بہت سی پابندیاں نافد کی ہیں وہاں ملک کے کئی ان تفریحی ساحلوں کو بھی بند کر دیا ہے جہاں عام طور پر سیاحوں کا ہجوم ہوتا ہے۔

پوپ فرانسس کرسمس کے موقع پر خطاب کر رہے ہیں۔
پوپ فرانسس کرسمس کے موقع پر خطاب کر رہے ہیں۔

مسیحوں کے رہنما پوپ فرانسس نے کرسمس کے موقع پر ویٹیکن سے دنیا بھر کے لیے خطاب کیا۔ انہوں نے روایتی طور پر ویٹیکن میں سینٹ پیٹرز باسلیکا کی بالکونی سے ہزاروں افراد کے مجمع سے خطاب کرنے کی بجائے اس دفعہ آن لائن خطاب کیا۔

کرونا وائرس کی وجہ سے اٹلی میں سیاحت بالکل ختم ہو کر رہ گئی ہے اور وہ مقامات جہاں چھٹیوں کے دنوں میں غٰرملکی سیاحوں کے ہجوم ہوا کرتے تھے، پابندیوں کی وجہ سے ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

پوپ فرانسس نے کرونا ویکسینز کی ایجاد کو ’’امید کی روشنی‘‘ قرار دیا۔ دنیا بھر کے رہنماؤں، کاروباروں اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویکسین سب سے پہلے ان افراد کو دی جانی چاہیئے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

کرسمس کے موقع پر سانتا کلازا ماسکو میں بچعں میں تحائف تقسیم کر رہے ہیں۔
کرسمس کے موقع پر سانتا کلازا ماسکو میں بچعں میں تحائف تقسیم کر رہے ہیں۔

اسرائیل میں بیت لحم کے مقام پر جمعے کے روز یسوع مسیح کی جائے پیدائش پر حسب روایت کرسمس کی گھنٹیاں بجائی گئیں، مگر وہاں لوگ جمع نہیں ہو سکے کیونکہ اسرائیل نے کرونا کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر بین الاقوامی پروازیں بند کر دی ہیں جس کی وجہ سے کرسمس کی تقریبات میں شرکت کے خواہش مند اسرائیل نہیں آ سکے اور مقامی آبادی لاک ڈاؤن کے باعث گھروں سے باہر نہیں نکلی

بیجنگ میں آخری لمحات میں سرکاری گرجا گھروں میں کرسمس کی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ کیونکہ چین کے دارالحکومت میں پچھلے ہفتے کرونا وائرس کے دو تصدیق شدہ کیسز اور جمعے کے روز علامتوں کے بغیر مزید دو کیسز شناخت ہونے کے بعد ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

وینیزویلا میں سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے وہ لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ کرسمس کی تقریبات میں شرکت سے محروم رہے جو روزگار کے سلسلے میں کولمیبا چلے گئے ہیں۔

کراچی میں کرسمس کے موقع پر گرجا گھر میں دعائیہ تقریب
کراچی میں کرسمس کے موقع پر گرجا گھر میں دعائیہ تقریب

کولمبیا نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنے کے لیے اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق کرسمس کی چھٹیوں میں جو افراد اپنے پیاروں سے ملنا چاہتے تھے، انہوں نے چوری چھپے سرحد عبور کرنے کے لیے اسمگلروں کی مدد لی۔

پیرس میں نوٹرے ڈیم کیتھڈرل کے کوائر نے کرسمس کے گیت گائے۔ یہاں 2019 میں آگ کی وجہ سے جل جانے والے تاریخی چرچ میں اس واقعے کے بعد پہلی بار گیت گانے کی تقریب منعقد ہوئی۔

برطانیہ کی پورٹ ڈوور میں ہزاروں ٹرک ڈرائیور بندرگاہ میں محصور ہو کر رہ گئے کیونکہ فرانس نے داخلے کے لیے کرونا وائرس کے منفی ٹیسٹ کی پابندی لگا دی ہے۔ ان کی مدد کے لیے برطانوی فوج اور فرانسیسی فائر فائٹرز کو بلایا گیا، جنہوں نے لوگوں میں مفت کھانا تقسیم کیا اور کرونا کے ٹیسٹوں کی رفتار تیز کرنے میں مدد دی۔

XS
SM
MD
LG