جنوبی افغانستان میں حکام نے بتایا ہے کہ عسکریت پسندوں نے حملہ کرکے تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
حکام کے مطابق بدھ کی صبح صوبہ قندھار میں ہونے والی اس لڑائی میں ضلعی پولیس کے سربراہ بھی ہلاک ہو گئے۔
ایک دوسرے واقعے میں مزار شریف شہر میں سائیکل پر نصب بم پھٹنے سے ایک بچے سمیت پانچ افراد ہلاک اور لگ بھگ ایک درجن زخمی ہوگئے۔
یہ واقعات ایک ایسے وقت رونما ہوئے ہیں جب نیٹو سے سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان فورسز کو منتقل کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی افواج نے نسبتاً پر امن مشرقی صوبے لغمان کے شہر مہترلام کا کنٹرول منگل کے روز ایک تقریب میں افغان فورسز کے حوالے کیا۔
صوبائی دارالحکومت افغانستان کے ان سات علاقوں میں سے ایک ہے جہاں رواں ماہ کے دوران سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان حکومت کو سونپی جائیں گی۔ آئندہ تین سالوں میں افغانستان کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں مقامی فورسز کو منتقل کیے جانے کے منصوبے کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔
افغانستان سے لڑاکا غیر ملکی افواج کا مکمل انخلا2014ء تک مکمل ہوگا۔
جنوبی افغان صوبے ہلمند کے مرکزی شہر لشکر گاہ کا کنٹرول بھی رواں ہفتے افغان حکومت کے حوالے کردیا جائے گا۔