رسائی کے لنکس

نیٹو اور افغان فورسز کی کارروائی، تین جنگجو کمانڈر گرفتار


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

نیٹو فورسز نے کہا ہے کہ افغانستان میں اتحادی اور مقامی افواج نے ملک کے مشرقی علاقوں سے عسکریت پسندوں کے تین کمانڈروں کو گرفتار کیا ہے۔

بین الاقوامی سکیورٹی فورس’ایساف‘ نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ حزب اسلامی گروپ کے دو رہنماؤں کو ایک روز قبل صوبہ پروان سے گرفتار کیا گیا جب کہ تیسرے شدت پسند کمانڈر کو صوبہ خوست سے حراست میں لیا گیا۔

گرفتار کیے جانے والے افراد میں سے ایک حزب اسلامی گروپ کے میڈیا ونگ کا سربراہ تھا جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اُس کے مختلف عسکریت پسند گروہوں اور افغانستان میں نومبر اور جنوری میں ہونے والے خودکش حملوں میں ملوث افراد کے ساتھ قریبی رابطے تھے۔

رواں ہفتے افغان حکام نے کہا تھا کہ وہ منگل جنوبی افغانستان میں نیٹو فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہونے والے چار افراد کے بارے میں تحقیق کر رہے ہیں کہ آیا وہ طالبان جنگجو تھے یا افغان شہری۔ صوبہ ہلمند میں طالبان اور نیٹو افواج کے شدید لڑائی کے دوران یہ چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد کو اس لیے ہلاک کیا گیا کیوں کہ وہ اس کے فوجیوں کے خطرہ تھے لیکن مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مرنے والے شہری تھے۔

ہلمند میں افغان اور نیٹو فوجیوں نے بدھ کو دھماکا خیز مواد تیار کرنے کے ایک ماہر کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں کئی مسلح افراد ہلاک اور ایک کو حراست میں لیا گیا۔ اس ٹھکانے کی تلاشی کے دوران کئی رائفلز، گرنیڈ اور بڑی مقدار میں بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ملحقہ صوبہ قندھار میں بھی مقامی اور بین الاقوامی افواج ضلع پنج وال میں کارروائی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود اپنے قبضے میں لے لیا ۔

XS
SM
MD
LG