افغان حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ تخار میں رواں ہفتے آنے والے دوسرے سیلاب کے باعث کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
صوبائی گورنر عبدالجبار تقویٰ نے بتایا کہ طلوع آفتاب سے قبل سیلابی پانی آبی زخیرے کے بند توڑتا ہوا وادی میں داخلہ ہو گیا اور ضلع اشکامش میں متعدد دیہات اس کی زد میں آ گئے۔
’’یہ بہت شدید سیلابی ریلا تھا جو آدھی رات کو درجنوں دیہات سے ٹکرایا۔ مجھے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔‘‘
عبدالجبار تقویٰ نے کہا کہ امدادی کارکنان متاثرہ علاقے میں پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس کے لیے اُنھیں چھ گھنٹے کی پیدل مسافت بھی طے کرنا ہوگی۔
’’بدقسمتی سے ہمیں مطلوبہ امداد دستیاب نہیں اور (سیلاب کی زد میں آنے والے) علاقے تک رسائی صرف ہیلی کاپٹر کے ذریعے ممکن ہے۔‘‘