رسائی کے لنکس

پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزین اپنے ملک میں امن کے متمنی


اسلام آباد کے مضافات میں واقع افغان بستی میں مقیم افغان پناہ گزینوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں یہاں کئی طرح مشکلات کا سامنا ہے؛ لیکن، ان کے اپنے آبائی ملک میں بھی صورت حال کوئی اتنی اچھی نہیں

پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں رہنے والے افغان پناہ گزینوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک میں امن کے خواہش مند ہیں۔

گزشتہ دو سالوں کے دوارن پاکستان سے ایک بڑی تعداد میں افغان پناہ گزین اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔ لیکن، افغانستان میں سلامتی کی خراب صورت حال اور روزگار کے کم مواقع کی وجہ سے پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو اس بات کی خواہش مند ہے کہ اگر حکومت پاکستان انہیں یہاں رہنے کی اجازت دے تو وہ اپنے وطن واپس جانے کی بجائے یہیں رہنے کو ترجیح دیں گے۔

منگل کا پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد کے مضافات میں واقع افغان بستی میں مقیم افغان پناہ گزینوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں یہاں کئی طرح مشکلات کا سامنا ہے؛ لیکن، ان کے اپنے آبائی ملک میں بھی صورت حال کوئی اتنی اچھی نہیں ہے۔

اسی بستی کے رہائشی عبداللہ خان کہتے ہیں:"واپس تو جانا چاہتے ہیں، لیکن ہمارے ملک میں امن نہیں ہے۔ وہان مختلف گروپ ہیں جو ایک دوسرے کو مار رہے ہیں اور جب تک ملک میں امن نہیں آتا اس وقت تک ہم واپس نہیں جا سکتے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ جو افغان پناہ گزین یہاں سے واپس اپنے وطن گئے انہیں بھی وہاں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے۔

بقول اُن کے، "یہاں سے جو گئے ہیں وہ بھی تنگ ہیں ان میں سے جو نوجوان طقبہ ہے وہ واپس یہاں (پاکستان) آیا ہے ادھر مزدوری کررہا ہے اور یہاں سے کچھ نا کچھ کما کر وہاں بھیج رہا ہے وہاں نا مزدوری ہے نا امن ہے۔"

تاہم، عبداللہ خان نے کہا ہے کہ مشکلات کے باوجود وہ یہاں خوش ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ، "میری پیدائش ادھر کی ہے۔ میں ادھر جاؤں تو مجھے کسی چیز کا ادھر پتا نہیں ہے وہاں میں ایک بار گیا تھا۔ ہمارے بڑے وہاں پر خوش ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ وہ وہاں چلے جائیں گے۔ مگر، ہم نواجوان طقبہ نہیں جانا چاہتا۔ اگر یہ (پاکستان) حکومت مان جائے تو ہم یہاں رہیں گے۔"

گزشتہ سال کے دوران، پاکستان سے ایک بڑی تعداد میں افغان پناہ گزین اپنے ملک واپس گئے۔

حکومت پاکستان نے ملک میں مقیم اندارج شدہ افغان مہاجرین کو قیام کی مدت میں 31 دسمبر 2017 تک توسیع دے چکی ہے۔

اقوم متحدہ کے ادارہ پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کے مطابق، پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے، جہاں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، لگ بھگ 14 لاکھ اففان پناہ گزین مقیم ہیں؛ جو باقاعدہ اندراج شدہ ہیں۔ تاہم، اتنی ہی تعداد میں افغان شہری غیر قانونی طور پر پاکستان کے مختلف حصوں میں مقیم ہیں۔

XS
SM
MD
LG