افغان حکام کا کہنا ہے کہ دو جرمنوں کی لاشیں مل گئی ہیں جو گذشتہ ماہ کابل کےشمال میں واقع ہندو کش کے پہاڑوں کی ہائیکنگ کے دوران لاپتا ہوگئے تھے۔
صوبہٴ پروان کے پولیس سربراہ شیر احمد ملادنی کا کہنا ہے کہ بچاؤ دستے نے پیر کو رات گئے سالانگ پاس کے قریب دورافتادہ علاقے میں گولیوں سے چھلنی یہ لاشیں برآمد کی ہیں۔
جرمن وزیرِ خارجہ گائدو ویسٹرویل نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت اُن اطلاعات پر کام کررہی تھی جِن میں کہا گیا تھا کہ دونوں کو اغوا کیا گیا ہے۔
پیر کو تشدد کے ایک اور واقعے میں پانچ افراد اُس وقت ہلاک ہوئے جب اُن کی گاڑی شمال مغربی صوبہٴ فریاب میں سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔
اور نیٹو کا کہنا ہے کہ مشرقی افغانستان میں امریکی محکمہٴ دفاع کا ایک سویلین ملازم فوت ہوگیا۔ فوری طور پر مزید تفاصیل دستیاب نہیں ہوسکیں۔