رسائی کے لنکس

افغانستان: ہیلی کاپٹر حادثے میں چھ امریکی فوجی ہلاک


فائل
فائل

'نیٹو' کے بیان سے قبل طالبان کے ایک ترجمان نے 'ٹوئٹر' پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں زابل کے اسی ضلعے میں ایک ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

افغانستان کے جنوبی علاقے میں منگل کو 'نیٹو' کا ایک ہیلی کاپٹر گرنے سے چھ امریکی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

'نیٹو' کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں دشمن کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کسی فنی خرابی کے باعث گرا۔

بیان کے مطابق حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع کے اہلکاروں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ حادثہ منگل کو افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں پیش آیا جس میں مرنے والے تمام چھ افراد امریکی فوجی اہلکار تھے۔

محکمہ دفاع کے مطابق حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار ایک شخص زندہ بچا ہے لیکن اسے شدید زخم آئے ہیں۔

صوبہ زابل کے نائب گورنر محمد جان رسول یار کے مطابق حادثہ صوبے کے ضلع شاہ جوئے میں پیش آیا۔

'نیٹو' کے بیان سے قبل طالبان کے ایک ترجمان نے 'ٹوئٹر' پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں زابل کے اسی ضلعے میں ایک ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

خیال رہے کہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں کی سرزمین افغانستان میں ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے حادثات معمول کی بات ہیں۔

گزشتہ 12 برسوں سے طالبان شدت پسندوں کے خلاف سرگرم نیٹو افواج کو ماضی میں کئی بار اس نوعیت کے حادثات کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اس نوعیت کا سب سے بدترین حادثہ اگست 2011ء میں پیش آیا تھا جب طالبان جنگجووں نے نیٹو کا ایک ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا۔

اس کاروائی میں امریکہ کے ایک خصوصی فوجی دستے کے 25 اہلکاروں سمیت 38 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

افغانستان میں اس وقت بھی 'نیٹو' کی زیرِ قیادت غیر ملکی فوج کے 67 ہزار اہلکار تعینات ہیں جن میں امریکی فوجیوں کی تعداد 43 ہزار ہے۔
XS
SM
MD
LG