افغانستان میں پیر کو ایک بم دھماکے میں نیٹو افواج کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
نیٹو نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ بم حملے میں نشانہ بننے والے فوجیوں کا تعلق کس ملک سے ہے۔
کابل پولیس کے ترجمان حشمت استنکزئی نے بتایا کہ دارالحکومت کابل کے مشرقی حصے میں غیر ملکی فوجی قافلے کے قریب بم دھماکا ہوا۔
اُنھوں نے بتایا کہ بم ایک سائیکل میں نصب تھا جس کی زد میں آ کر ایک افغان شہری بھی زخمی ہوا۔
افغانستان میں اس ماہ میں ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ‘ پریس کے مطابق اس سال اب تک افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں کی تعداد 63 ہو گئی ہے جن میں سے 46 کا تعلق امریکہ سے ہے۔
افغانستان میں شدت پسند غیر ملکی افواج پر حملے کرتے آئے ہیں، رواں سال کے اواخر تک افغانستان میں تعینات بیشتر افواج واپس چلی جائیں گے جب کہ لگ بھگ 12 ہزار غیر ملکی فوجی وہاں رہیں جن میں سے نو ہزار سے زائد امریکی فوجی ہوں گے۔