رسائی کے لنکس

افغانستان میں طالبان نے درجنوں اسکول بند کرادیے: رپورٹ


امریکہ کے ایک موقر اخبار نے کہا ہے کہ طالبان نے جنوب مشرقی افغانستان میں تقریباً 50 اسکولوں کو مکمل یا جزوی طور پر بند کر دیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی ہے کہ رواں ہفتے یہ اقدام افغان حکومت کی طرف سے غزنی صوبہ کے جنوبی اضلاع میں موٹر سائیکل پر پابندی کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں موٹر سائیکل شہریوں اور مقامی حکام پر حملوں کے لیے استعمال کی جارہی تھیں۔

غزنی کے گورنر نے ’واشنگٹن پوسٹ‘ کو موٹر سائیکل پر پابندی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شدت پسند ان پر سوار ہوکر لوگوں پر حملے کرتے تھے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے اس پابندی کی حمایت سے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان خلیج مزید بڑھ گئی ہے۔

اخبار کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ غزنی کے جنوبی علاقوں میں 36000 طلبا ہیں جو رواں ہفتے اسکول نہیں آئے۔

واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ افغان حکام کو خدشہ ہے کہ موٹرسائیکل کے استعمال پر پابندی ہٹائے بغیر وہ اس معاملے پر کوئی نمایاں اقدام نہیں کر سکیں گے۔

تاہم اخبار کہتا ہے کہ پابندی کا خاتمہ اکثر کے نزدیک طالبان کی فتح کے مترادف ہوگا جو کہ افغان اور امریکی حکام کے لیے بظاہر قبول کرنا ممکن نہیں۔

واشنگٹن پوسٹ نے افغان حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ اس تنازع کے فوری حل کے لیے ’پرامید‘ نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG