افغانستان میں جمعرات کے روز سڑک کنارے نصب ایک بم دھماکے میں دو بچوں سمیت چھ افغان شہری ہلاک ہوگئے۔
نیٹو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی صوبے قندوز میں یہ چھ افراد ایک رکشے میں سفر کررہے تھے کہ ان کا رکشہ ایک بم سے ٹکرا گیا۔
کابل میں قائم افغان باشندوں کے حقوق کی نگہبان ایک تنظیم کی جانب سے اس ہفتے جاری ہونے والی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے2010ء افغانوں کے لیے مہلک ترین سال ثابت ہوا ہے۔
تنظیم کا کہناہے کہ گذشتہ سال کم ازکم 2421 افراد ہلاک اور 3270 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں 63 فی صد ہلاکتوں کے ذمہ دار شورش پسند تھے جب کہ 20 فی صد کے لگ بھگ ہلاکتوں کی ذمہ داری بین الاقوامی فورسز پر عائد ہوتی ہے۔
باقی ماندہ افراد زیادہ تر افغان فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔