رسائی کے لنکس

افغانستان: خودکش کار بم دھماکے میں 89 افراد ہلاک


حکام کے مطابق دھماکا پکتیکا کے ایک مرکزی بازار میں ہوا اور عہدیداروں کے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا میں خودکش کار بم دھماکے میں کم از کم 89 افراد ہلاک اور درجنوں سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکا شہر کی ایک مصروف مارکیٹ میں ہوا۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پکتیکا کا علاقہ پاکستانی سرحد کے قریب ہے اور عینی شاہدین کے مطابق جب یہ دھماکا ہوا تو بازار میں خاصا رش تھا۔

دھماکے سے متعدد دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

علاقائی پولیس سربراہ نثار احمد عبدالرحیمزئی نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اُدھر کابل میں صدارتی محل کے ملازمین کو لے جانے والی ایک چھوٹی وین کو بم سے نشانہ بنایا گیا جس سے دو افراد ہلاک جب کہ پانچ زخمی ہو گئے۔

افغان عہدیداروں کے مطابق ہلاک ہونے والے صدارتی محل کے ملازمین تھے اور اُن کی گاڑی کو کابل کے مشرقی علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

گاڑی میں سات افراد سوار تھے جو اطلاعات کے مطابق تمام ہی صدارتی محل کے ملازم تھے۔

کابل پولیس کے ترجمان حشمت ستنکزئی نے کہا ہے کہ گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے صحافیوں کے نام ایک پیغام میں اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی۔

حالیہ مہینوں میں افغانستان میں دہشت گرد حملوں میں تیزی آئی ہے جب کہ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ میں بھی کہا گیا کہ رواں سال افغانستان میں شہری ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG