اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ 'ہارن آف افریقہ' کے نام سے معروف برِاعظم افریقہ کے شمال مشرقی علاقوں کو شدید ترین خشک سالی کا سامنا ہے جو گزشتہ 60 برسوں کی سب سے بدترین خشک سالی ہے۔
عالمی ادارے کے دفتر برائے انسانی امداد کی ترجمان ایلزبتھ بائرز کے مطابق مشرقی افریقہ کی حالیہ خشک سالی 1950ء کی دہائی کے بعد سے اب تک کی سب سے شدید ترین ہے جس کے باعث علاقے کے مختلف ممالک کے لاکھوں باسیوں کو امداد کی ضرورت ہے۔
امدادی ادارے کی ترجمان نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ کینیا اور ایتھوپیا میں فی کس 32 لاکھ، صومالیہ میں 26 لاکھ جبکہ جبوتی میں 1 لاکھ سے زائد افراد امداد کی فراہمی کے منتظر ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق خطے کے کچھ علاقوں میں بچوں کو غذا کی فراہمی کی شرح 15 فی صد کی ہنگامی حد تک پہنچ گئی ہے جبکہ خشک سالی سے شدید متاثر ہونے والے کئی علاقوں میں صورتِ حال مزید ابتر ہے۔