رسائی کے لنکس

امریکی فضائی حملے میں متعدد افغان فوجی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کابل میں امریکی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ یہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ یہ بدقسمت واقعہ کن حالات میں پیش آیا۔

امریکی فوج نے ہفتے کے روز یہ تصدیق کی ہے کہ جنوبی افغانستان میں طالبان کے خلاف مشترکہ کارروائی کے دوران فضائی حملوں سے افغان سیکیورٹی فورسز کے کئی اہل کار ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے، لیکن رپورٹ میں ان کی تعداد نہیں بتائی گئی۔

امریکی فوج کی جانب سے یہ تصدیق مقامی میڈیا کی ان رپورٹوں کے بعد سامنے آئی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ جمعے کو رات گئے ہلمند صوبے کے نادعلی ضلع میں جس پر شورش پسندوں کا قبضہ ہے، امریکی اتحاد کے طیاروں کے حملے میں مقامی فورسز کے کم ازکم 8 اہل کا ر ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔

کابل میں امریکی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ یہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ یہ بدقسمت واقعہ کن حالات میں پیش آیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکیورٹی فورسز اور امریکی اتحاد کے تحت کیے گئے فوجی آپریشن میں فائرنگ کے نتیجے میں افغان باڈر پویس کے اہل کار ہلاک اور زخمی ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی فوج اس واقعہ پر اپنے گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

اسلامی شورش پسندوں کے ایک ترجمان نے کہا ہے افغان فورسز پر جب جٹ طیاروں نے حملہ کیا تو اس وقت انہوں نے طا لبان کو نشانہ بنانے کے لیے لوئے باغ کے علاقے میں طالبان جیسا لباس پہن کر مورچے سنبھالے ہوئے تھے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بمباری میں بہت سے افغان فوجی مارے گئے۔

ہلمند افغانستان کا ایک بڑا صوبہ ہے اور اس کے زیادہ تر علاقے پر طالبان کا کنٹرول ہے۔

جمعے کی رات ضلع کے جس علاقے پر فضائی حملہ ہوا وہ صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ کے قریب واقع ہے۔

طالبان کے خلاف لڑائیوں میں افغان فورسز کی مدد کے لیے اپریل میں تقریباً 300 امریکی میرین کا ایک گروپ اس صوبے میں تعینات کیا گیا تھا۔

طالبان نے افغانستان کے اندر کئی علاقوں تک اپنا کنٹرول اور اثر و رسوخ بڑھا دیاہے اور وہ اپریل کے آخر میں موسم بہار کے آغاز سے اپنے حملوں میں شدت لے آئے ہیں۔ ان کا رروائیوں میں بڑی تعداد میں افغان فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

جنگ سے متاثرہ یہ ملک اور خاص طور پر دارالحکومت کابل حالیہ ہفتوں میں انتہائی مہلک بم دھماکوں کا نشانہ بن چکا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتیں ہوئیں۔

XS
SM
MD
LG