رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: فضائی کارروائی میں 23 'دہشت گرد' ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ فضائی کارروائی دور افتادہ وادی تیراہ میں افغان سرحد سے ملحقہ علاقے راجگال میں کی گئی۔

پاکستان کے شمال مغرب میں واقع قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے فضائی کارروائی کے دوران کم از کم 23 مشتبہ دہششت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ نے جمعہ کو بتایا کہ یہ کارروائی دور افتادہ وادی تیراہ میں افغان سرحد سے ملحقہ علاقے راجگال میں کی گئی۔

کارروائی میں متعدد مشتبہ عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے جب کہ ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔

ہلاک و زخمی ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور لشکر اسلام سے بتایا جاتا ہے۔

اس علاقے میں ذرائع ابلاغ کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پیش آنے والے واقعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق تقریباً ناممکن ہے۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال قبائلی علاقوں میں ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کی تھیں جن میں اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا بتایا جا چکا ہے۔

خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں کو کارروائیوں کے بعد دہشت گرد سے پاک کر دیا گیا ہے اور یہاں سے نقل مکانی کرنے والوں کی اپنے گھروں کو واپسی کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

لیکن اب بھی دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں فورسز کو شدت پسندوں کی طرف سے مزاحمت کا سامنا ہے اور حکام کے بقول جلد ہی ان علاقوں کو بھی واگزار کروا لیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG