رسائی کے لنکس

گٹکے کے اشتہار میں کام کرنا اکشے کو مہنگا پڑ گیا، مداحوں کی تنقید کے بعد معافی مانگ لی


دنیا بھر میں فن کارمتعدد برینڈز کے ٹیلی ویژن کمرشلز (ٹی وی سی) میں کام کرکے اپنے مداحوں کو اس برینڈ کی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن حال ہی میں بالی وڈ اسٹار اکشے کمار کو ایک اشتہار میں کام کرنا مہنگا پڑ گیا۔

اکشے کمار کے چاہنے والے ان کی فٹنس سے بے حد متاثر ہیں لیکن حال ہی میں انہیں ایک گٹکا بنانے والی کمپنی کا اشتہار کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے معافی بھی مانگی۔

اداکار نے حال ہی میں ایک گٹکا کمرشل میں شاہ رخ خان اور اجے دیوگن کے ساتھ کام کیا جس میں تینوں اداکار گٹکے کے استعمال کی تلقین کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اس اشتہار میں دکھایا گیا ہے کہ بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور اجے دیوگن اپنی گاڑی میں کسی تیسرے شخص سے ملنے جاتے ہیں جس سے ان کی صرف اس لیے دوستی ہوجاتی ہے کیوں کہ وہ بھی ان کی طرح گٹکا کھاتا ہے اور اشتہار میں وہ تیسرا شخص اکشے کمار ہوتا ہے۔

شاہ رخ خان اور اجے دیوگن کے مداحوں کو اس اشتہار پر اس لیے اعتراض نہیں ہوا کیونکہ وہ ماضی میں مضر صحت اشیا کے اشتہار ات میں کام کرچکے ہیں جب کہ اکشے کمار متعدد بار ایسے اشتہارات میں کام کرنے سے انکار کرتے آئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان کی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ 2018 میں ہونے والی ایک تقریب میں اعلان کرتے ہیں کہ انہیں لوگ مضرِ صحت چیزوں کے اشتہارمیں کام کرنے کے لیے منہ مانگی رقم آفر کرتے ہیں، لیکن وہ ہمیشہ انکار کردیتے ہیں۔

اس ویڈیو میں وہ تقریب میں موجود صحافیوں کو بتارہے ہیں کہ نہ تو ان کے پاس پیسے کی کمی ہے اور نہ ہی کام کی، لہذٰا وہ گٹکے کے اشتہار میں کام نہیں کریں گے۔

سوشل میڈیا پر اکشے کمار پر تنقید

اسی لیے جب رواں ماہ ان کا گٹکا کمرشل آن ائیر ہوا تو سوشل میڈیا کے صارفین بھڑک اٹھے، نشہ آور اشیا سے دوری کا درس دینے والے اداکار کو اس کی قربت اتنی مہنگی پڑی کہ ان کے مداح اپنا غصے پر قابو نہ رکھ سکے۔

بھارتی تجزیہ کار انشل سکسینا کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کے اداکاروں کو ساؤتھ انڈیا کے اداکاروں سے سبق سیکھنا چاہیے جو پیسوں کے عوض بھی گٹکے کی تشہیر نہیں کرتے۔

دیویا نامی صارف نے کہا کہ اکشے کمار ایک اچھے بزنس مین ہیں، وہ بھارتیوں کو نیشنلزم کے نام پر بیوقوف بنانے کا ہنر اچھی طرح جانتے ہیں۔

ورشا نامی صارف نے ایک ایسی میم شیئر کی جو اکشے کمار کی سگریٹ نوشی کے خلاف بیان کو پیش کرتی ہے، لیکن ساتھ ہی ان کے گٹکے کے اشتہار کا بھی حوالہ دیتی ہے۔

اکشے کمار کی معذرت اور اشتہار سے دست بردار ہونے کا فیصلہ

سوشل میڈیا پر اپنے ہی مداحوں کی جانب سے ٹرولنگ کے بعد اکشے کمار نے گٹکا برینڈ کے اشتہار میں کام کرنے پر معافی مانگ لی ، اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی اس غیر ذمہ دارانہ حرکت پر افسوس ہے جس سے ان کے مداح اور خیر خواہ ناراض ہوئے۔

اکشے کمار نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ تمباکو نوشی کی حمایت نہیں کرتےاور نہ کریں گے، لیکن اپنے مداحوں کے جذبات کی وجہ سے وہ اس برینڈ کے ساتھ کام کرنے سے پیچھے ہٹتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کی قانونی مدت تک برینڈ ان کا اشتہار نشر کرتا رہے گا، لیکن وہ وعدہ کرتے ہیں کہ مستقبل میں اشتہارات کے انتخاب میں محتاط رہیں گے۔

اکشے کمار کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس اشتہار سے حاصل ہونے والی رقم کو وہ کسی فلاحی کام کے لیے مختص کر دیں گے، اور ان سب کے بدلے میں وہ اپنے مداحوں کی محبت اور خواہشات کے منتظر رہیں گے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG