بین الاقوامی شدت پسند تنظیم 'القاعدہ' کی شمالی افریقی شاخ نے دھمکی دی ہے کہ اگر یورپی ممالک نے تنظیم کے قبضے میں موجود مغربی شہریوں کو چھڑانے کے لیے کوئی کاروائی کی تو مغویوں کو ہلاک کردیا جائے گا۔
'القاعدہ ان دی اسلامک مغرب' یا 'اے کیو آئی ایم' نامی تنظیم نے جمعرات کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں فرانس، برطانیہ، ہالینڈ اور سوئیڈن کو مخاطب کیا ہے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے افریقی ملک مالی میں موجود اپنے اڈوں کے خلاف ممکنہ کاروائی کی اطلاعات ملی ہیں جس کی اجازت دی گئی تو اس کا مطلب مغویوں کے 'ڈیتھ وارنٹ' جاری کرنا ہوگا۔
مذکورہ بیان کے درست ہونے کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے اور نہ ہی فرانس سمیت مخاطب کیے گئے دیگر ممالک نے اس پر کوئی فوری ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ تنظیم نے گزشتہ برس نومبر میں مالی میں اغوا کیے گئے ایک فرانسیسی شہری سمیت پانچ غیر ملکی باشندوں کے اغواکی ذمہ داری قبول کی تھی۔
بعد ازاں، تنظیم نے مغویوں کی تصاویر انٹرنیٹ پر بھی جاری کی تھیں جن میں انہیں مسلح افراد میں گھرا دکھایا گیا تھا۔
القاعدہ سے منسلک یہ گروپ گزشتہ کئی برسوں سے افریقہ کے وسیع و عریض ساحلی خطےمیں سرگرمِ عمل ہے اور ماضی میں مغربی شہریوں کے قتل اور انہیں نشانہ بنانے کی کئی وارداتوں کی ذمہ داری قبول کرچکا ہے۔
خطے کے ممالک نے تنظیم کے خلاف کئی کاروائیاں کی ہیں تاہم خطے کی وسعت اور دشوار گزاری کے باعث تنظیم کا اثر و رسوخ مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاسکا ہے۔