رسائی کے لنکس

جرمن ائیر لائن،لفتھانزا کے تکنیکی نظام میں خرابی،پروازوں کا رخ موڑ نا پڑا


فرینکفرٹ ائیرپورٹ پر جرمنی کی فضائی کمپنی لفتھانزا کا طیارہ کھڑا ہے۔ فائل فوٹو
فرینکفرٹ ائیرپورٹ پر جرمنی کی فضائی کمپنی لفتھانزا کا طیارہ کھڑا ہے۔ فائل فوٹو

جرمنی کی ایئر ٹریفک کنٹرول ایجنسی نے بدھ کو اعلان کیا کہ لفتھانزا کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث جرمنی کی اس ایئر لائن کے نظام میں بڑی رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے اس لیے وہ ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈے فرینکفرٹ سے تمام پروازوں کا رخ موڑ رہی ہے۔

ایجنسی کے ترجمان رابرٹ ایرٹلر نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ فرینکفرٹ میں طیاروں کو پارک کرنے کی تمام جگہیں بھری ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے مسافر اور عملہ ایئر لائن کی پروازوں میں سوار نہیں ہو سکتے۔

تمام آنے والے طیاروں کو متبادل ہوائی اڈوں کی طرف بھیجا جا رہا ہے، جیسے کہ میونخ، نیورمبرگ اور ڈیوسلڈورف۔

ڈی پی اے کے مطابق لفتھانزا کی تمام اندرون ملک پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متبادل ذریعوں جیسے کہ ٹرینوں اور سڑک کے راستے سفر کریں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

لفتھانزا گروپ، جس میں سوئس انٹرنیشنل ایئر لائنز او ر یورونگز جیسی ذیلی کمپنیاں بھی شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کی بندش فرینکفرٹ کے علاقے میں تعمیراتی کاموں کی وجہ سے ہوئی ہے۔

جرمن ٹیلی فون کمپنی ڈوئچے ٹیلی کام نے بعد میں تصدیق کی کہ ریل روڈ لائن پر کام کے دوران 16 فٹ کی گہرائی میں فائبر آپٹک لائنیں کٹ گئیں جس کی وجہ سے یہ نظام منقطع ہو گیا۔

جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے نے کمپنی کے حوالے سے رپورٹ دی کہ تباہ شدہ آپٹک لائنوں کے کچھ حصوں کی مرمت کر دی گئی ہے اور صورت حال جلد بہتر ہو جائے گی۔

لفتھانزا کمپنی نےافسوس کا اظہار کیا کہ آئی ٹی میں یہ خرابی پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سبب بن رہی ہے اور اس سے مسافروں کو جو تکلیف ہو رہی ہے ا س پر کمپنی انتہائی معذرت چاہتی ہے۔

خبر کا کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے

XS
SM
MD
LG