پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی حالیہ پرفارمنس کی وجہ سے موضوعِ بحث رہے ہیں لیکن ان دنوں سوشل میڈیا پر ان سے منسوب بعض مبینہ ویڈیوز اور پیغامات کا ذکر ہو رہا ہے۔
پاکستان میں ٹوئٹر پر منگل کو ہیش ٹیگ وی اسٹینڈ ود بابر[WeStandWithBabar#] ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے جہاں بابر کے مداح ان کی بھرپور حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔
معاملہ یہ ہے کہ بابر سے منسوب بعض ٹیکسٹ پیغامات، آڈیوز اور مبینہ ویڈیوز ایک خاتون کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہیں۔ خاتون صارف کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ کسی پاکستانی کھلاڑی کی گرل فرینڈ ہیں اور بابر اعظم مبینہ طور پر ان سے جنسی تسکین کی باتیں کرتے رہے ہیں۔
عائشہ راجپوت نامی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے جاری ایڈٹ شدہ مبینہ ویڈیوز میں بابر کو دکھایا گیا ہے۔ خاتون صارف کا دعویٰ ہے کہ بابر نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ ان سے اسی طرح باتیں کرتی رہیں تو ان کے بوائے فرینڈ کو ٹیم سے نہیں نکالا جائے گا۔
بابر کی مبینہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے مداحوں کی بڑی تعداد ان کے حق میں آ گئی ہے اور ٹوئٹر پر ان کے حامی مبینہ انسٹاگرام ویڈیوز کو جعلی اور ایڈٹ شدہ قرار دے رہے ہیں۔
جس اکاؤنٹ سے بابر کی مبینہ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی گئی ہیں اس نام سے انسٹاگرام پر چار اکاؤنٹس موجود ہیں اور تمام اکاؤنٹس پر ایک جیسی ہی ویڈیوز ہیں۔
بابر اعظم کی جانب سے اب تک مبینہ آڈیوز، ویڈیوز اور پیغامات پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ البتہ انہوں نے پیر کو اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا "خوش رہنے کے لیے زیادہ کچھ نہیں چاہیے۔"
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بابر کسی تنازع کا شکار ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 2020 میں حامیزہ نامی خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ بابر ان کے اسکول کے زمانے کے دوست ہیں جنہوں نے 2011 میں ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا اور وہ حاملہ بھی ہیں۔
بعدازاں حامیزہ نے عدالت میں بابر اعظم کے خلاف دائر درخواست واپس لیتے ہوئے اپنے الزامات سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔
بابر کے خلاف حالیہ الزامات کے بعد ان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ بابر کو کپتانی سے ہٹانے کے لیے سازش کی جا رہی ہے جب کہ بعض کا کہنا ہے کہ جس اکاؤنٹ سے بابر کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں وہ بھارت سے چلایا جا رہا ہے۔
بعض ٹوئٹر صارف بابر کی مبینہ تصاویر کو ایڈٹ شدہ قرار دے کر ان کے خلاف پراپیگنڈا چلائے جانے کا کہہ رہے ہیں اور بہت سے مداحوں نے مضبوط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
بابر کے ایک مداح نے مذکورہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس پر تبصرہ کیا کہ بہن اگلی بار ایڈیٹنگ سیکھ کے آنا۔ ہمیں اپنے کنگ پر ہمیشہ سے یقین تھا، ہے اور رہے گا۔
خالدہ نامی ٹوئٹر صارف نے اپنی تصویر بابر کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "بابر بیٹا میں تمھارے ساتھ ہوں اور تمھارے ساتھ ایک ملاقات میری کرکٹ کی یادداشتوں میں سے زبردست یادداشت ہے۔"
حرا نامی ٹوئٹر صارف نے بابر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس پر تبصرہ کیا کہ بابر پیار اور عزت کے لائق ہیں۔
احمد نامی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ اگر دنیا بابر کے خلاف ہے تو پھر میں دنیا کے خلاف ہوں۔
علی اعجاز نامی ٹوئٹر صارف نے بابر اعظم کے ساتھ ہونے کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے قرآن کی آیت شیئر کی۔ جس کا ترجمہ کچھ یوں ہے: "جسے تو چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے تو چاہے ذلیل کرتا ہے۔"