رسائی کے لنکس

بھارتی ٹیلی کام کمپنی میں ایمیزون کی دلچسپی، دو ارب ڈالر سرمایہ کاری کا امکان


آن لائن خرید و فروخت کی ایک بہت بڑی امریکی کمپنی ایمیزون بھارت کی ایک ٹیلی مواصلات کمپنی میں کم ازکم 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے والی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایمیزون اور موبائل فون کی سروسز مہیا کرنے والی بھارتی کمپنی ایئرٹیل کے درمیان سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔

بھارت کی اس ڈیجیٹل کمپنی میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری سے اسے اپنے منصوبے تیزی سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایمیزون مارکیٹ کی موجودہ قمیت پر بھارتی ایئرٹیل کے اندازاً 5 فی صد حصص خریدے گی، جن کی مالیت 2 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے کمپنی کو بھاری زر مبادلہ میسر آئے گا اور وہ بھارت کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی 'ریلائنس جیو' کے مدِ مقابل آ جائے گی۔

اس وقت بھارتی ایئرٹیل کا شمار بھارت کے ٹیلی کام شعبے کی تیسری سب سے بڑی کمپنی کے طور پر ہوتا ہے۔

کمپنی کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ ایئرٹیل اب موبائل ٹیکنالوجی سے صارفین کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ایک پلیٹ فارم پر منتقل ہونے والی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ایمیزون کی بھاری سرمایہ کاری کے بعد اس شعبے میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر ابھر سکتی ہے۔

اس وقت بھارتی ایئرٹیل اور ایمیزون کے درمیان بات چیت اپنے ابتدائی مراحل میں ہے۔ ایمیزون بھارت میں بھاری سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور وہ کئی آپشنز کو اپنے سامنے رکھے ہوئے ہے۔

رائٹرز کا کہنا ہے کہ پیش رفت سے آگہی رکھنے والے تین میں سے دو لوگوں نے، جنہوں نے اپنی شاخت پوشیدہ رکھنے کی درخواست کی، بتایا ہے کہ اس وقت سرمایہ کاری سے متعلق شرائط پر بات ہو رہی ہے اور ان میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔ یا یہ بھی ممکن ہے کہ دونوں کمپنیاں کسی متفقہ سمجھوتے پر پہنچنے میں ناکام ہو جائیں۔

ایمیزون کے ایک ترجمان سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ وہ ان قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے کہ ان کی کمپنی مستقبل میں کیا کرنے اور کیا نہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

بھارتی ایئرٹیل کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ صارفین کے لیے اپنی سروسز اور اشیا فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں سے معمول کے مطابق رابطے میں رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے پاس بتانے کے لیے اس وقت کچھ اور نہیں ہے۔

ایمیزون کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی خبر پھیلنے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں ایئرٹیل کے حصص کی قیمت میں چھ فی صد اضافہ ہوا جو کاروبار کے اختتام پر کم ہو کر 3 اعشاریہ 8 فی صد رہ گیا۔

ایمیزون اور بھارتی ایئرٹیل کے ساتھ بات چیت امریکہ کی بڑی ٹیک کمپنیوں کی بھارت کی ڈیجیٹل انڈسٹری میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔

گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران بھارت کی سب سے بڑی ڈیجیٹل کمپنی 'ریلائنس جیو' نے فیس بک اور دیگر غیر ملکی اداروں سے 10 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔

اسی طرح گوگل بھی بھارت کی ایک اور ڈیجیٹل کمپنی 'ووڈافون' میں سرمایہ کاری کرنے کا جائزہ لے رہا ہے۔ 'ووڈافون' بھارت کی دوسری سب سے بڑی موبائل فون کمپنی ہے۔

ایئرٹیل کے ساتھ معاہدہ طے پانے کی صورت میں ایمیزون کو بھارتی مارکیٹ میں اپنے سمارٹ اسپیکر اور کلاؤڈ کی سروسز پھیلانے کا ایک بڑا پلیٹ فارم میسر آ جائے گا۔

XS
SM
MD
LG