رسائی کے لنکس

امریکہ کی فی کنبہ سالانہ اوسط آمدنی بلند ترین سطح پر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں پچھلے سال فی گھرانہ أوسط آمدنی 61372 ڈالر رہی جو امریکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

امریکہ کے محکمہ شماریات کی طرف سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی أوسط شرح سے مراد یہ ہے کہ آدھے امریکی گھرانوں کی آمدنی اس سطح سے زیادہ اور آدھے گھرانوں کی اس سے کم ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی معیشت میں اپریل تا جون کی مدت میں 4 اعشاریہ 1 فی صد اضافہ ہوا اور بے روزگاری کی سطح اگست میں 3 اعشاریہ 9 فی صد رہی۔

رپورٹ کے مطابق سن 2017 میں فی گھرانہ أوسط آمدنی 60309 ڈالر تھی جو اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں 1 اعشاریہ 8 فی صد زیادہ تھی۔

حالیہ برسوں میں امریکہ کے متوسط طبقے کی آمدنی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور معیشت ایک عشرے قبل کی کساد بازاری سے باہر نکل آئی ہے۔

ایک عشره قبل کساد بازاری کی وجہ سے لاکھوں افراد اپنے روزگار سے محروم ہو گئے تھے اور لاکھوں امریکی ایسے تھے جو اپنے گھروں کے قرضے کی قسطیں ادا کرنے کے قابل نہیں رہے تھے جس کی وجہ سے ان کے سروں سے چھت چھن گئی تھی۔

محکمہ شماریات کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ جزوی وقتی ملازمتیں کرنے والے بہت سے امریکیوں کو اب کل وقتی روزگار مل گئے ہیں جس سے ان کے مالی حالات بہتر ہوئے ہیں۔

تاہم عہدے داروں کا کہنا ہے کہ32 کروڑ 80 لاکھ امریکیوں میں 12.3 فی صد اب بھی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ۔ جب کہ 8.8 فی صد امریکیوں کے پاس صحت کی انشورنس نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG