امریکی سفارت کاروں کا اسلام آباد کی مویشی منڈی کا دورہ، ٹوٹی پھوٹی اردو میں بیوپاری کے ساتھ۔ دلچسپ مکالمہ سفارت کار بیل کی خوبصورتی سے متاثر نظر آئے اور جب بیل کو ہاتھ لگانے کی باری آئی تو تھوڑے خوف زدہ بھی دکھائی دیئے کہ بیل کہیں انہیں نقصان نہ پہنچا دے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے کے عہدیدار عید قرباں کے لئے لائے گئے جانور دیکھنے سید پور گاؤں کی مویشی منڈی پہنچے۔
امریکی سفارت کاروں نے مویشی منڈی میں موجود ایک خوبصورت بیل کے دانت بھی دیکھے اور بیوپاری سے سودا کرنے کی کوشش بھی کی۔
بیوپاریوں کے ساتھ سفارت کاروں نے ٹوٹی پھوٹی اردو میں دلچسپ مکالمہ بھی کیا۔
سفارت کار کی جانب سے بیوپاری سے بیل کے دانت دکھانے کا تقاضا بھی کیا گیا، جب بیوپاری نے بیل کا منہ کھول کر اس دانت دکھائے تو سفارت کار اردو میں ہی جواب دیا کہ بیل تو جوان ہے۔
سفارت کار بیل کی خوبصورتی سے متاثر نظر آئے اور جب بیل کو ہاتھ لگانے کی باری آئی تو تھوڑے خوف زدہ بھی دکھائی دیئے کہ بیل کہیں انہیں نقصان نہ پہنچا دے۔
خاتون سفارت کار نے تو بیل کے لیے ببلو نام بھی تجویز کردیا اور جانور کو سیر بھی کرائی۔
بیوپاری کی جانب سے دو لاکھ روپے طلب کرنے پر امریکی سفارت کار کا کہنا تھا کہ’ ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں‘، ایک لاکھ روپے میں بیل دے دیا جائے، خاتون سفارت کار نے بھی بیل ایک لاکھ میں دینے کا مطالبہ کیا مگر بیوپاری نے صاف انکار کردیا۔
افسوس کہ امریکی سفارت کاروں کا یہ سودا مہنگے داموں کی وجہ سے کامیاب نہ ہو سکا۔
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے سفارت کار پاکستانی معاشرے سے منسلک مختلف تہوار اور خوشیاں ان کے ساتھ مناتے نظر آتے ہیں۔
تصحیح :اس مضمون کے اولین ایڈیشن کی ہیڈلائین میں غلطی سے امریکی 'سفیر' کا لفظ درج ہو گیا تھا، ادارہ غلطی کی تصحیح کر تے ہوئے قارئین سے معذرت خواہ ہے۔