|
ویب ڈیسک — امریکہ میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو کا انتباہ جاری ہونے کے بعد شہری چار جولائی کو آنے والی تعطیل پر ایسے مقامات کا رخ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں ان کو کم گرمی اور راحت مل سکے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ٹریولنگ کے دوران ہوٹلز اور دیگر سروسز کی بکنگ کرنے والی ویب سائٹ ’بکنگ ڈاٹ کام‘ کے اعداد و شمار سے بھی واضح ہو رہا ہے کہ امریکہ کے شہری آنے والی تعطیلات کے لیے ٹھنڈے اور ساحل کے قریب مقامات کا انتخاب کر رہے ہیں۔
’بکنگ ڈاٹ کام‘ نے ای میل پر ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ چھٹیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے ایک تہائی امریکی ساحلی علاقوں میں ایسے تفریحی مقامات کی تلاش میں ہیں جہاں ان کے لیے پانی میں مختلف ایکٹیوٹیز کرنے کی سہولت موجود ہو۔ ان ایکٹیوٹیز میں تیرتے ہوئے یوگا کرنا سرِ فہرست ہے۔
یہ اہم کیوں ہے؟
امریکہ میں لگ بھگ 10 کروڑ لوگ ایسے علاقوں میں آباد ہیں جن کے لیے شدید گرمی کے سبب ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا جا چکا ہے۔ ان میں زیادہ تر مشرقی ساحلی علاقوں میں قائم شہر شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مغربی ساحلی علاقوں میں بھی شدید موسمی حالات کا سامنا ہے۔
امریکہ کا یومِ آزادی چار جولائی کو منایا جاتا ہے۔ رواں برس چار جولائی کو آنے والی چھٹی پر امریکی شدید گرمی کے سبب اپنی پلاننگ پر غور کر رہے ہیں۔
چار جولائی کی تعطیل پر امریکہ میں بڑی تعداد میں شہری چھٹی منانے کے لیے مختلف تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں۔
اعداد و شمار کیا کہتے ہیں؟
’بکنگ ڈاٹ کام‘ کے اعداد و شمار سے واضح ہو رہا ہے کہ امریکہ میں چھٹی منانے کے لیے تفریحی مقام کا رخ کرنے والے 64 فی صد افراد شدید گرم موسم کے سبب ایسی جگہ جانا چاہتے ہیں جہاں ان کے لیے گرمی قابلِ برداشت ہو۔
رواں برس جولائی کی تین سے سات تاریخ کے دورانیے کے لیے فلوریڈا میں پاناما سٹی بیچ کے سرچ میں 32 فی صد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ ساؤتھ کیرولائنا کے میرٹل بیچ کی سرچز میں 30 فی صد اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
چھٹیوں کی پلاننگ کرنے والے افراد اسی طرح کے دیگر ساحلی مقامات بھی انٹرنیٹ پر سرچ کر رہے ہیں۔
فضائی کمپنیوں کو زیادہ مسافروں کی امید
امریکہ کی بڑی فضائی کمپنیوں نے پیش گوئی کی ہے کہ اس بار گرمیوں کے سیزن میں فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔
فضائی کمپنی ’یونائیٹڈ ایئرلائنز‘ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ جس ہفتے میں چار جولائی کی چھٹی آ رہی ہے وہ اس کا مصروف ترین ہفتہ ہوگا اور ممکنہ طور پر اس ہفتے میں یومیہ پانچ لاکھ 20 ہزار افراد فضائی سفر کریں گے۔
اس رپورٹ میں معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔