رسائی کے لنکس

قوالی تنازع سنگین، امجد صابری بھارت جائیں گے


غلام فرید صابری کے بیٹے امجد صابری نے بلا اجازت قوالی فلم میں شامل کرنے پر سلمان خان اور میوزک ڈائریکٹر پریتم چکرورتی پر دعویٰ دائر کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ بھارت جانے کے لئے ویزہ جاری کئے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔ جیسے ہی ویزہ ملے گا وہ بھارت جاکر مقدمے کی کارروائی میں حصہ لیں گے

سلمان خان کی نئی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی اور ساتھ ہی ساتھ فلم سے جڑے تنازعے کی وجہ سے اس کے چرچے بھی زبان زد عام ہورہے ہیں۔

فلم میں اپنے زمانے کے مشہور ترین قوال ’صابری برادران‘ کی شہرہ آفاق قوالی ’بھر دو جھولی میری۔۔‘ کو عدنان سمیع خان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہی بات تنازع بن گئی ہے۔

صابری برادران میں سے ایک یعنی، غلام فرید صابری کے بیٹے امجد صابری نے بلا اجازت قوالی فلم میں شامل کرنے پر سلمان خان اور میوزک ڈائریکٹر پریتم چکرورتی پر دعویٰ کردیا ہے۔

امجد صابری کا کہنا ہے کہ وہ بھارت جانے کے لئے ویزہ جاری کئے جانے کا انتظار کر رہے ہیں جیسے ہی ویزہ ملے گا وہ بھارت جاکر مقدمے کی کارروائی میں حصہ لیں گے۔

میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں امجد صابری نے بتایا کہ ’پریتم نے بلا سوچے سمجھے میرے والد کے نام کی جگہ بطور میوزک ڈائریکٹر قوالی کے ساتھ اپنا نام جوڑ لیا ہے، حالانکہ ہر فرد یہ جانتا ہے کہ یہ قوالی میرے والد نے ستر کے عشرے میں گائی تھی۔‘

امجد صابری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ان نقصان کی تلافی چاہتے ہیں، غیرذمے دار لوگوں کے خلاف ہرجانا ہونا چاہئے۔‘

ادھر امجد صابری کے ساتھ ساتھ ’بھردو جھولی میری۔۔۔‘ کا میوزک تیار کرنے والی کمپنی ’ای ایم آئی پاکستان‘ نے بھی بلا اجازت قوالی استعمال کرنے پر’بجرنگی بھائی جان‘ کے فلم میکرز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

ای ایم آئی کے جنرل منیجر ذیشان چوہدری کے حوالے سے ایکسپریس ٹری بیون کی ایک رپورٹ کے مطابق ’بھردوجھولی۔۔‘ ای ایم آئی کی پروڈکٹ ہے اور ای ایم آئی نے ہی اسے ریکارڈ اور پروڈیوز کیا تھا۔ ’بجرنگی بھائی جان‘ بنانے والوں میں سے کسی نے بھی قوالی کے حقوق حاصل کرنے کے لئے رابطہ نہیں کیا اس لئے ہم نے سلمان خان، ڈائرکٹر کبیر خان، ٹی سیریز انڈیا اور میڈیا کونسپٹس پاکستان اور دیگر کو نوٹس بھیجا ہے۔‘

دلچسپ بات یہ ہے کہ قانونی نوٹس کی کاپی پاکستان کے مرکزی فلم سنسر بورڈ کو بھی بھیجی گئی ہے۔

ذیشان چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی گانوں کا بھارت میں پسند کیا جانا اور ری پروڈیوز ہونا فخر کی بات ہے۔ تاہم، حقوق اور کمرشل انٹرسٹ کا دفاع ضروری ہے۔

انہوں نے عدنان سمیع کی جانب سے بلااجازت قوالی فلم میں شامل کرنے کے فیصلے کو درست قرار دینے پر عدنان سمیع خان پر تنقید بھی کی۔

ای ایم آئی نے ’بھردو جھولی‘ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’اصل قوالی پرنم الہ آبادی نے لکھی تھی۔ قوالی کی دھن مقبول صابری نے بنائی تھی اور یہ قوالی 1975 میں ’صابری برادران‘ نے اپنی آواز میں ریکارڈ کرائی تھی۔‘

XS
SM
MD
LG