بھارت میں مقیم پاکستانی سنگر عدنان سمیع خان اب قوالی کے میدان میں بھی اتر آئے ہیں۔ ۔۔۔مگر یوں ہی نہیں بلکہ بالی ووڈ ہیرو سلمان خان کی فرمائش پر۔ ۔۔ان کی عید الفطر پر ریلیز ہونے والی میگا فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں آپ انہیں قوالی گاتے ہوئے بھی دیکھیں گے۔
قصہ کچھ یوں ہے کہ سلو بھائی چاہتے تھے کہ عدنان سمیع خان نامور پاکستانی قوال صابری برادران کی مشہور زمانہ قوالی ’بھر دے جھولی میری‘ سے متاثر ہو کر بنائی گئی قوالی ’بھردو جھولی میری‘ نہ صرف ’بجرنگی بھائی جان‘ کے لئے اپنی آواز میں ریکارڈ کرائیں، بلکہ پکچرائز بھی وہ خودہی کرائیں۔
عدنان سمیع نے پہلی بار قوالی گانے اور پکچرائز کرانے سے متعلق بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو پُرجوش انداز میں بتایا ’مجھے سلمان خان کا فون آیا کہ بھائی یہ قوالی آپ کو گانی ہے اور آپ پر ہی شوٹ بھی ہوگی۔ میں نے کہا اچھا۔ میں سلمان خان کو انکار کر ہی نہیں سکتا تھا۔ میں پٹھان ہوں۔۔پیار سے مانگو تو جان حاضر ہے ۔۔اور دوستی کی ہے تو نبھانی بھی پڑے گی۔ قوالی گانا میرے لئے چیلنج تھا، کیونکہ میں نے پہلے کبھی قوالی نہیں گائی تھی۔‘
ایک اور کام جو ’بجرنگی بھائی جان‘ کے حوالے سے پہلی مرتبہ ہوا وہ یہ ہے کہ متذکرہ قوالی کی شوٹنگ بھارتی کشمیر میں اٹھ مقام پر واقع درگاہ ہوئی۔ بالی ووڈ انڈسٹری کو 100 سال سے زیادہ کا عرصہ ہوا اور اب تک انگنت فلمیں بن چکی ہیں مگر کسی بھی فلم کی شوٹنگ اس سے قبل اس درگاہ پر نہیں ہوئی۔
فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان کا کہنا ہے کہ ’بھر دے جھولی‘ سلمان خان کی پسندیدہ قوالی ہے اور وہ یہ عدنان سمیع خان کی ہی آواز میں ریکارڈ کرانا چاہتے تھے۔
سلمان خان نے خود بھی ٹوئٹر پر عدنان سمیع کا ’بجرنگی بھائی جان‘ کا حصہ بننے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بھردو جھولی ۔۔‘ آ رہی ہے ۔۔جلد عدنان سمیع خان کی آواز میں۔‘
عدنان سمیع کے علاوہ ایک پاکستانی گلوکار عاطف اسلم بھی ’بجرنگی بھائی جان‘ میں اپنی آواز کا جادو جگا رہے ہیں۔