رسائی کے لنکس

انجلینا جولی نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا


سپر ہیروئن کا کہنا ہے کہ وہ مزید چند فلمیں کرنے کے بعد ہالی وڈ میں بطور ڈائریکٹر اپنے کیرئیر کو آگے بڑھائیں گی اور اداکاری چھوڑ دیں گی

ہالی وڈ میگا ہیروئن انجلینا جولی نے ’بڑے پردے‘ سے منہ موڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تاہم، اب وہ کیمرے کے پیچھے رہ کر کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی، اے ایف پی کے مطابق، 39 سالہ سپر ہیروئن کا کہنا ہے کہ وہ مزید چند فلمیں کرنے کے بعد ہالی وڈ میں بطور ڈائریکٹر اپنے کیرئیر کو آگے بڑھائیں گی اور اداکاری چھوڑ دیں گی۔

انجلینا 2011ء میں بننے والی فلم ’ان دا لینڈ آف بلڈ اینڈ ہنی‘ اور حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ان بروکن‘ ڈائریکٹ کرچکی ہیں اور ان دونوں فلموں کو شائقین اور نقادوں کی جانب سے پسند کیا گیا۔

جنگ عظیم دوم کے پس منظر میں بنی ’ان بروکن‘ کے آسٹریلیا میں ہونے والے پریمیر کے موقع پر اپنے شوہر بریڈ پٹ کے ساتھ ریڈ کارپٹ پرواک کے بعداخبار ’سڈنی مارننگ ہیرالڈ‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انجلینا کا کہنا تھا:

’میں مزید چند اور فلمیں بطورہیروئن کروں گی اس کے بعد ایکٹنگ کو خوشی خوشی الوداع کہہ دوں گی۔ ڈائرکشن میری محبت ہے اور بطور ڈائریکٹر کام کرکے میں زیادہ خوشی محسوس کروں گی۔‘

انجلینا نے مزید کہا کہ، ’مجھے کوئی بھی نیا کام سیکھنا پسند ہے چاہے وہ میں دو سال لگا کر ہی کیوں نہ سیکھوں۔ پروڈکشن کی چھوٹی سے چھوٹی بات سے جڑے رہنا اور اس کے لئے کام کرنا مجھے اچھا لگتا ہے۔‘

XS
SM
MD
LG