رسائی کے لنکس

آئی فون کے آلات صرف صاف ستھری توانائی استعمال کرنے والی کمپنیاں بنائیں گی


ایپل کا لوگو
ایپل کا لوگو

آئی فون اور ڈیجیٹل آلات بنانے والی معروف کمپنی ایپل نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ آئی فون کے لیے آلات فراہم کرنے والی 175 کمپنیوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنے آلات کی تیاری کے لیے صرف وہ توانائی استعمال کریں گے جسے ماحول کو صاف رکھنے والے طریقوں سے پیدا کیا جائے گا۔

ایپل کا کہنا ہے کہ اس سے لگ بھگ 9 گیگاواٹ شفاف بجلی استعمال ہو گی جس سے کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافہ کرنے والی ان کاربن گیسوں کی مقدار میں کمی ہو گی جو بصورت دیگر کوئلہ یا تیل جلا کر بجلی پیدا کرنے کے دوران خارج ہوتی ہیں۔

ایپل کا کہنا ہے کہ وہ ماحول کو صاف رکھنے اور کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی لانے کی عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے میں اقوام عالم نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ 2030 تک کاربن گیسوں کے اخراج پر قابو پا کر عالمی درجہ حرارت کو نیچے لاتے ہوئے صنعتی دور سے پہلے کے عالمی درجہ حرارت سے ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر کی سطح پر لے آئیں گے۔

عالمی درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، موسم شدید تر ہوتے جا رہے ہیں، کہیں بارشیں اور سیلاب اور سمندری طوفان تباہیاں مچا رہے ہیں تو کہیں خشک سالی اور قحط نے ڈیرے ڈال دیے ہیں۔

چیمنیوں سے نکلنے والے دھوئیں سے کرہ ارض کی فضا میں کاربن گیسوں کی مقدار بڑھ رہی ہے
چیمنیوں سے نکلنے والے دھوئیں سے کرہ ارض کی فضا میں کاربن گیسوں کی مقدار بڑھ رہی ہے

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث حیات کی کئی اقسام یا تو ناپید ہو گئی ہیں یا انہیں معدومی کے خطرے کا سامنا ہے۔ اگر اس صورت حال پر قابو پانے کے اقدامات نہ کیے گئے تو اگلی صدی میں کرہ ارض پر زندگی گزارنا دشوار ہو جائے گا۔

عالمی درجہ حرارت بڑھنے کا اہم سبب کاربن گیسوں کا بڑھتا ہوا اخراج ہے جس میں زیادہ تر حصہ انسانی سرگرمیوں کا ہے۔

آب و ہوا کی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے تحت عالمی کانفرنس آئندہ چند روز میں گلاسکو میں ہو رہی ہے، جس میں کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی لانے کے پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔

ایپل نے بتایا ہے کہ وہ اپنے آلات کے زیادہ سے زیادہ سپلائرز کی شفاف توانائی کی جانب منتقلی کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ اس سے قبل ایپل کے تقریباً 70 سپلائرز شفاف توانائی پر منتقل ہو چکے ہیں۔ ایک سو سے زیادہ مزید سپلائرز کی شفاف توانائی پر منتقلی سے پاور جنریشن میں لگ بھگ 8 گیگا واٹ شفاف توانائی کا اضافہ ہو گا۔

شفاف توانائی عموماً سورج کی روشنی اور ہوا کی قوت سے ٹربائن چلا کر حاصل کی جاتی ہے جس سے کاربن گیسوں کا اخراج نہیں ہوتا۔

موسمیاتی تبدیلی کے سنگین بحران سے دنیا کیسے نمٹے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:05:29 0:00

ایپل کی اس مہم میں شامل ہونے والی نئی کمپنیوں میں جنوبی کوریا کی ایک معروف کمپنی ایس کے ہینکس بھی شامل ہے جو ایپل کی ڈیجیٹل مصنوعات کے لیے میموری چیس فراہم کرتی ہے۔ یہ ایپل کی گرین انرجی مہم میں شامل ہونے والی جنوبی کوریا کی پہلی کمپنی ہے۔ اس کے علاوہ اٹلی کی چپس بنانے والی معروف کمپنی فرانکو بھی اب اس اہم مہم کا حصہ بن گئی ہے۔ یہ کمپنی آئی فونز کے لیے سینسرز اور دیگر ڈیجیٹل پرزے مہیا کرتی ہے۔

ایپل کمپنی اپنی ڈیجیٹل مصنوعات کی تیاری کے لیے 24 ملکوں کی درجنوں کمپنیوں سے آلات حاصل کرتی ہے جن میں جاپان، جنوبی کوریا اور بھارت سر فہرست ہیں۔

ایپل کی ماحولیات، پالیسی اور سماجی امور سے متعلق نائب صدر لیزا جیکسن نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ایپل کمپنی دنیا کی مختلف مارکیٹوں میں کاروبار کرنے والوں کا ایک ایسا گروپ تیار کر رہی ہے جو شفاف توانائی استعمال کرے گا اور اس کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایپل کا یہ اقدام آب و ہوا کی تبدیلی کا عمل روکنے کی عالمی کوششوں میں مدد دے گا۔

اس سے قبل ایپل نے اپنے بڑے سپلائزر مثلاً تائیوان کی سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی اور فوکس کون کے ساتھ اسی نوعیت کے معاہدے کیے تھے۔ یہ کمپنیاں ایپل کے لیے پراسیسر اور دیگر اہم آلات تیار کرتی ہیں۔

ایپل نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ وہ قابل تجدید توانائی کے 10 چھوٹے منصوبوں کے لیے فنڈ فراہم کر رہا ہے جس کا مقصد کم وسائل رکھنے والی کمیونٹیز کو قابل تجدید توانائی کے حصول میں مدد دینا ہے۔ شفاف توانائی کے حصول کے اپنے اس پروگرام کے تحت ایپل جنوبی افریقہ، فلپائن، کولمبیا اور امریکہ کے مغربی حصے کے چھ قبائلی علاقوں میں بجلی پیدا کرنے والے اداروں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG