رسائی کے لنکس

کیا دفاعی چیمپئن انگلینڈ کا ورلڈ کپ سفر ختم ہو گیا؟


بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں دفاعی چیمپئن انگلش ٹیم کی مسلسل تیسری شکست کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انگلینڈ کا ورلڈکپ سفر ختم ہو گیا ہے۔

انگلینڈ نے ایونٹ میں اب تک پانچ میچز کھیل لیے ہیں جن میں سے چار میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح انگلش ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی اس پوزیشن کو دیکھتے ہوئے اس کا ورلڈ کپ سفر بظاہر ختم ہوتا نظر آ رہا ہے لیکن ایونٹ میں کسی ٹیم کی غیر متوقع کارکردگی انگلینڈ کے امکانات کو روشن رکھ سکتی ہے۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل کی صورتِ حال یہ ہے کہ تمام 10 ٹیمیں اپنے پانچ پانچ میچز کھیل چکی ہیں اور انہیں مزید چار میچز کھیلنا ہیں۔ جس کے بعد فیصلہ ہو گا کہ سیمی فائنل کون سی ٹیمیں کھیلیں گی۔

بھارت اس وقت 10 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آٹھ، آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ آسٹریلیا چھ پوائںٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

انگلینڈ کو شکست دینے والی سری لنکن ٹیم نے چار پوائںٹس کے ساتھ پاکستان کی جگہ یعنی پانچویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔ پاکستان کے بھی چار پوائنٹس ہیں لیکن کم رن ریٹ کی وجہ سے چھٹے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان کی ٹیم بھی چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

بنگلہ دیش، انگلینڈ اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں دو، دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر موجود ابتدائی چار ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے۔

یہ تو رہی صورتِ حال پوائنٹس ٹیبل کی لیکن سوال وہی ہے کہ کیا دفاعی چیمپئن اب بھی سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتی ہے؟

اس سوال کا جواب ہاں میں ہے لیکن اس کے لیے انگلینڈ کو نہ صرف اپنے بقیہ چاروں میچز جیتنا ہوں گے بلکہ دیگر ٹیموں سے توقعات بھی لگانا ہوں گی۔

اگر انگلش ٹیم نے بقیہ تمام میچز جیت لیے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 8 ہو جائے گی۔ لیکن 8 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں اسی وقت جگہ بنائی جا سکتی ہے کہ دیگر ٹیمیں بھی آٹھ پوائنٹس تک محدود ہو جائیں اور انگلینڈ کا رن ریٹ ان سے بہتر ہو۔

اگر مگر کی صورتِ حال

اگر نیوزی لینڈ کو اپنے بقیہ چاروں میچز میں شکست ہوتی ہے تو پوائنٹس ٹیبل پر اس کے پوائنٹس کی تعداد آٹھ رہ جائے گی، اس طرح انگلینڈ کے سیمی فائنل میں چانسز بڑھ جاتے ہیں۔

اگر آسٹریلیا نیوزی لینڈ کو شکست دے اور اپنے بقیہ تینوں میچز میں ہار جائے تو آسٹریلیا کے پوائنٹس کی تعداد آٹھ رہے گی، اس طرح انگلینڈ کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔

ایک اور صورتِ حال کچھ اس طرح بن جائے کہ سری لنکا اگر نیوزی لینڈ اور افغانستان کو شکست دے دے اور پاکستان بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کو ہرا دے تو، سری لنکا اور پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد آٹھ ہو جائے گی۔

مذکورہ صورتِ حال رہی تو انگلینڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر چلا جائے گا اور چوتھی پوزیشن کے لیے پانچ ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

فورم

XS
SM
MD
LG